گاندربل: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کارکنان نے مرکزی سرکار کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بجٹ 2023-24کی ستائش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بجٹ سے جموں و کشمیر سمیت پورا ملک تعمیر و ترقی کی نئی منزلیں طے کریگا نیز بجٹ سے عمومی طور پر معیشت بھی کافی مستحکم ہوگی۔
بی جے پی گاندربل یونٹ کے جنرل سیکریٹری انجینئر اعجاز احمد راتھر نے پریس کانفرنس کے دوران مالی بجٹ 2023-24 کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے مختلف اسکیموں کے لیے مختص کی گئی رقومات کے حوالہ سے گفتگو کی۔ سالانہ انکم ٹیکس چھوٹ میں پانچ لاکھ روپے سے ساڑھے سات لاکھ روپے بڑھانے کے فیصلہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے راتھر نے کہا: ’’غریب دوست بجٹ میں انکم ٹیکس سلیب میں ساڑھے سات لاکھ روپے سالانہ آمدن کو ٹیکس فری کرنے سے غریب عوام کو کافی راحت پہنچے گی۔‘‘
انہوں نے زرعی شعبہ خاص کر ہارٹی کلچر کے حوالہ سے مختص کی گئی رقم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زرعی شعبہ کو کافی تقویت پہنچے گی اور کسانوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بجٹ میں سیلف ہیلپ گروپس کے لئے وضع کی گئی اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بے روزگار نوجوانوں اور خواتین کو بھی معاشی استحکام حاصل ہوگا۔ جبکہ صنعت کاروں اور دستکاروں کے لیے بھی بجٹ میں خصوصی پیکیج کے حوالہ سے بی جے پی لیڈر نے مرکزی حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا: ’’دست کاروں اور صنعت کاروں کو خام مال کی فراہمی، مصنوعات کی بہتر ڈیزائننگ، معیاری برانڈنگ اور مارکیٹنگ میں بھی مدد کی جائے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: Opposition on Union Budget 2022: مالی سال 2022-23 کے بجٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کا ردعمل
پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی ضلع صدر گاندربل کے سینئر کارکنان محمد امین، فیاض احمد، انجینئراعجاز سمیت دیگر افراد موجود تھے۔