جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم، 'تیجس، ایک پہل' نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر آکاش پریہار نے بتایا کہ ضلعے کے دیہی علاقوں میں منریگا و دیگر پنچائت ترقیاتی فنڈس کی رقومات میں مبینہ طور پر بھاری پیمانے پر خرد برد کی جا رہی ہے۔ لیکن حکومت، انتظامیہ - دیہات سُدھار کے نام پر ہو رہی لوٹ کھسوٹ پر خاموش ہے۔
پریہار نے بتایا کہ بلاک بھاگواہ کی پنچائت بجارنی اے میں پنچائت ترقیاتی فنڈس میں مبینہ دھندلی کی گئی ہے۔ سرکاری خزانہ سے رقومات کو نکال کر اُس کی بندر بانٹ کی گئی ہے جبکہ زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ جن غریب جاب کارڈ ہولڈرس نے منریگا میں کام کیا ہے اُن کی اجرتیں بھی واگزار نہیں کی گئی ہیں جس وجہ سے سماج کا ایک طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کچھ پنچائتی نمائندگان اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامی سطح پر اتنے بڑے گھوٹالے کی کوئی تحقیات نہیں ہو رہی ہے۔ اگر انتظامیہ ڈوڈہ کی پنچائت لور اے بجارنی کے اندر ہو رہی بدعنوانی پر روک لگانے میں ناکام ہوتی ہے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔