جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب گندنہ کے لئے نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کے مشترکہ امیدوار ایڈووکیٹ سید عاصم ہاشمی اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لئے گندنہ کے دور دراز علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور عوامی مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔
مختلف عوامی اجلاس کے دوران بی جے پی ایس ٹی ونگ کے جنرل سکریٹری نے بھی بی جے پی کو چھوڑ کر مشترکہ امیدوار کے ساتھ ہاتھ ملایا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی سابق جماعت کے تمام دعوؤں کی پول کھول دیں گے جو اُنہوں نے عوام کے ساتھ کئے تھے اور وہ وفا نہیں ہوئے۔
دریں اثنا گندنہ حلقہ انتخاب کے چند نوجوانوں نے بھی ایڈووکیٹ عاصم ہاشمی کو جوائن کیا اور بی جے پی پر رائے دہندگان کی خرید فروخت کا الزام عائد کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈووکیٹ عاصم ہاشمی نے بتایا کہ پچھلے سات برسوں میں جو ترقی کے دعوے کیے جا رہے تھے آج وہ زمین پر کہیں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ وہ وکالت کے پیشہ سے وابستہ ہیں اس لئے عوام کی ہر مشکلات سے واقف ہیں لیکن جو دعوے حکومت نے کیے تھے وہ گندنہ میں کہیں دکھائی نہیں دے رہے وہاں لوگوں کو رابطہ سڑک تو دور پیدل چلنے کے لئے پکڈنڈیاں بھی نہیں ہیں اور متعدد افراد اِنہی دشوار گزار راستوں سے گر کر جاں بحق ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ وہ نفرت کی سیاست، فرقہ پرست سوچ کو شکست دینے کے لئے میدان میں اُترے ہیں اور جیت کے بعد حقیقی معنوں میں وہ گندنہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گندنہ میں رابطہ سڑک، بجلی، پانی کی حالت نا گفتہ بہ ہے اور بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں جو قانونی جرم ہے اور عوام کو انصاف دلانے کے لئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔