ویڈیو سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر مالکانہ حق رکھنے والی چین کی بائٹ ڈانس لمیٹڈ کو بھارت میں اپنی تین ایپس پر پابندی کی وجہ سے چھ ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ کمپنی کی دو دیگر ایپس ویگو ویڈیو اور ہیلو ہیں۔
بھارتی حکومت نے ملک کی سالمیت اور ڈیٹا کی حفاظت کے لیے خطرہ بناتے ہوئے ایپ کو بند کردیا۔ لیکن حکومت کے اس فیصلے کو 15 جون کو لداخ کی وادی گالان میں بھارت اور چین کے درمیان پرتشدد تنازعہ سے جوڑا جارہا ہے۔ اس کشمکش میں بھارتی فوج کے 20 جوان ہلاک ہوگئے تھے۔
چین کی کائشن گلوبل ڈاٹ کام نے بائٹ ڈانس کے ایک سینئر منیجر کے حوالے سے بتایا ہے کہ 'چھ ارب ڈالر کا یہ نقصان بھارت کے ذریعہ پابندی عائد کی جانے والی دیگر چینی ایپس کے کل نقصان سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
بائٹ ڈانس چین میں ایک ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کمپنی ہے۔ ڈیٹا سیکیورٹی کی وجہ سے بھارت کے علاوہ اسے دوسرے بہت سے ممالک میں مقامی حکومتوں کی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ رپورٹ میں بھارت کی 59 چینی ایپس پر پابندی کو غیر متوقع قرار دیا گیا ہے۔ اس کے مطابق ٹک ٹاک کی عالمی توسیع کو ایک بڑا دھچکا لگے گا۔