اس معاملے میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا۔
جنوبی دہلی کےڈپٹی پولیس کمشنر نےجمعرات کو بتایا کہ یہ حملہ اس دوران ہوا جب چودھری گذشتہ روز لودی روڈ پر واقع سیل کے دفتر سے ایشیاڈ ولیج اپنی رہائش گاہ کی جانب لوٹ رہے تھے۔ کار میں سوار حملہ آوروں نے ان کی کار کو ٹکر ماردی۔ جب وہ اپنے ڈرائیور کے ساتھ باہرنکلے تو چار افراد میں سے ایک نے ان کے ڈرائیور کا گلا دبا کر اسے قبضے میں لے لیا اور باقی تینوں نے ان کے اوپر لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا۔
اس دوران جائے وقوعہ سے گزرنے والی ڈفینس کالونی پولیس اسٹیشن کی موٹر سائیکل پٹرولنگ دستے نے فوراً حملہ آوروں کو پکڑ لیا۔
سیل کے چیئرمین کو فوراً ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں فرسٹ ایڈ کے بعد چھٹی دے دی گئی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس معاملے میں حوض خاص تھانے میں دفعہ 307 اور 34 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔
سیل کے چیئرمین نے اس واقعہ پر کہاکہ 'میں حملہ آوروں کے ذریعے کیے گئے اس غیر متوقع اور پرتشدد حملے سے حیران ہوں۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، اگر پولیس موقع پر نہیں پہنچتی تو کچھ بھی ہوسکتا تھا۔ میں دہلی پولیس کا بہت بہت شکرگزار ہوں۔ پولیس اگر وقت پر نہ پہنچتی تو حملہ آوروں کو نہیں پکڑا جاسکتا تھا۔ مجھے مکمل اعتماد ہے کہ پولیس اس معاملے کی تفتیش کریں گی اور تمام مجرموں کو گرفتار بھی کریں گی۔'