کچھ روز قبل تبلیغی جماعت کے افراد کو کورونا وائرس کو پھیلانے کا ملزم قرار دیا جا رہا تھا، آج انہی لوگوں کو حکومت کی جانب سے 'گورو پتر' دے کر انہیں اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔
جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں تبلیغی جماعت کی جس پر بھارت میں کورونا وائرس پھیلانے کا ٹھیکرا ریاستی حکومتوں نے پھوڑا تھا اور متعدد الزامات لگائے گئے تھے، لیکن جب ضرورت پڑی تو سب سے پہلے تبلیغی جماعت سے منسلک افراد ہی آگے آئے اور اپنا پلازما عطیہ کر کے لوگوں کی جان بچائی۔
اسی نیک نیتی کو دیکھتے ہوئے مغربی دہلی کے نریلا میں واقع قرنطینہ سینٹر میں علاقہ کے ایس ڈی ایم ارون کمار جھا نے ان تمام تبلیغی جماعت سے منسلک افراد کو اعزازی طور پر ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں 'گورو پتر' سے نوازا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی حکومت پلازما سے کورونا وائرس سے انفیکٹیڈ مریضوں کا علاج کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس پر کچھ ٹیسٹ بھی کیے گئے جو کامیاب بھی ہوئے اسی کو دیکھتے ہوئے تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا سعد کاندھالوی نے تبلیغی جماعت سے جڑے تمام ساتھیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ آگے آئیں اور اپنا پلازما عطیہ کریں، جس کے بعد ملک بھر میں موجود تبلیغی جماعت کے افراد نے اپنے آپ کو پلازما عطیہ کے لیے پیش کیا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کا قہر جاری ہے، بھارت میں بھی اب تک 46 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے انفیکٹیڈ ہو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں یہ تعداد 36 لاکھ کو پار کر چکی ہے۔