مرکزی وزیر مواصلات روی شنکر پرساد نے راجیہ سبھا میں کہا کہ محکمہ ڈاک کے گذشتہ 14جولائی کو ہوئے امتحان کو رد کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ امتحان تمام علاقائی زبانوں میں لیا جائے گا،جس کے بعد ایوان میں حزب مخالف رہنماؤں کے ہنگامے کی وجہ سے پیدا تعطل ختم ہوگئی۔
یہ امتحان صرف انگریزی اور ہندی میں منعقد کیا گیا تھا جس کی انا ڈی ایم کے ڈی ایم کے بائیں بازو کانگریس او رترنمول کانگریس وغیرہ جماعتوں کے اراکین نے سخت مخالفت کرتے ہوئے پیر کے رو ز ایوان میں ہنگامہ کیا تھا۔
اس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی چار مرتبہ ملتوی کرنی پڑی تھی اور وقفہ صفر او روقفہ سوالات نہیں ہوسکا تھا۔
چار مرتبہ التوا کے بعد جب ڈھائی بجے کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو پرساد نے کہا کہ محکمہ ڈاک کی 14 جولائی کو منعقد ہ امتحان کے معاملے پر غور کیا ہے اور اس امتحان کو رد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایوان کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اب یہ امتحان تمل سمیت تمام علاقائی زبانوں میں ہوگا۔
تمام جماعتوں کے اراکین نے اس اعلان کا میز تھپتھپا کر خیر مقدم کیا۔
اس کے بعد ایوان کی کارروائی شروع ہوگئی۔
سی پی ایم کے ٹی رنگاراجن نے صرف محکمہ ڈاک ہی نہیں بلکہ تمام ملازمتوں کے امتحان علاقائی زبانوں میں بھی کرانے کا مطالبہ کیا۔
ایوان میں کانگریس پارٹی کے رہنما آنند شرما نے کہاکہ مرکز کی ملازمتوں کے تمام امتحانات کو تین زبانوں کے فارمولے کی بنیاد پر کرایا جانا چاہئے۔