فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نیشنک نے پرائمری سطح (درجہ اول تا پنجم) کے طلبہ و طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کو باضابطہ جاری رکھنے کے لیے جمعرات کو نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی آئی ٹی) کی جانب سے بنائے گئے آٹھ ہفتوں کے آپشنل اکیڈمک کلیلینڈر کو جاری کیا۔
ڈاکٹر نیشنک نے کہا،’ فروغ انسانی وسائل کی وزارت طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو مسلسل جاری رکھنے کے تئیں پابند عہد ہے۔ ساتھ ہی اس آٹھ ہفتے کے کیلنڈر میں یہ بھی یقینی بنانے کی کوشش ہے کہ طلبہ کو کم سے کم وقت کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گذارنا پڑے۔ اس کیلینڈر کے ذریعے تمام طلبہ جن کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت ہے وہ بھی اور جن کے پاس نہیں ہے وہ بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں‘۔
اس آپشنل کیلینڈر میں اساتذہ کے لیے یہ ہدایت بھی ہے کہ وہ طلبہ کو موبائل پر ایس ایم ایس بھیج کر یا فون کال کرکے ان کی رہنمائی کریں۔
انٹرنیٹ کی سہولت مہیا ہونے کی صورت میں ٹیچر، سرپرست اور بچے واٹس ایپ، فیس بک، ٹویٹر، ٹیلیگرام، گوگل میل اور گوگل ہینگ آؤٹ کی ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو سکتے ہیں اور پڑھائی جاری رکھ سکتے ہیں۔
اس کیلینڈر میں معذور بچوں کی ضرورتوں کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ آڈیو بکس، ریڈیو پرواگرام وغیرہ کے ذریعے طلبہ کی ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔