نئی دہلی: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے پیلی بھیت ضلع میں پولیس کی غیر قانونی کارروائی کی وجہ سے جنسی زیادتی کی متاثرہ کے والد کی مبینہ خودکشی کے سلسلے میں اترپردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ایک بیان میں، این ایچ آر سی نے کہا کہ کمیشن نے ایک میڈیا رپورٹ کا ازخود نوٹس لیا جس میں کہا گیا تھا کہ اتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع میں ایک 45 سالہ کسان نے خودکشی کر لی، جب پولیس نے اس کی نابالغ بیٹی کے اغوا اور جنسی زیادتی کے ملزموں کے ساتھ معاہدہ کیا۔ مبینہ طور پر متاثرہ کا تعلق درج فہرست ذات سے تھا۔ کمیشن نے اتر پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس میں کیس کی موجودہ صورتحال اور درج فہرست ذاتوں/ درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) رولز، 1995 کے تحت متاثرہ کو مالی امداد کی تقسیم بھی شامل ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اپریل 2023 میں قومی انسانی حقوق کمیشن نے اوڈیشہ حکومت کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا اور اس سے کہا کہ سال 2021 میں کٹک میں سیوریج ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے ہلاک ہونے والے دو مزدوروں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے معاوضے کی سفارش کیوں نہیں کی جانی چاہئے۔ این ایچ آر سی نے ریاست کے چیف سکریٹری کے ذریعے حکومت سے یہ بھی پوچھا کہ کیا سرکاری ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے زخمی ہونے والے شخص کو کوئی معاوضہ دیا گیا ہے اور زخمیوں کی حالت کیسی ہے۔ واضح رہے کہ کٹک میں سیوریج ٹینکوں کی صفائی میں مصروف دو مزدور 15 اپریل 2021 کو دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے کی پہچان پی شنکر اور وشنو نائک کے طور پر ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: NHRC Notice to Govt سوشل میڈیا پر بچوں کے جنسی استحصال کے مواد میں اضافے پر حکومتوں کو نوٹس
یو این آئی