لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے بجٹ 2020-21 پر ہوئی بحث کا جواب دینے اور کرناٹک کے پاریوار اور تالاوار قبائلی فرقوں کو شیڈولڈ ٹرائب کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق بل پر بحث اور اسے منظور کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی دو مارچ صبح گیارہ بج تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
ایوان کا بجٹ اجلاس 31 جنوری کو صدر رام ناتھ کووند کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ اس کے اگلے دن یکم فروری کو بجٹ پیش کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر نو میٹنگیں ہوئیں۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ دو مارچ سے شرو ع ہوکر تین اپریل تک چلے گا۔ اس درمیان 19 دن کے وقفہ کے دوران پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیاں متعلقہ وزارت اور محکموں کے مطالبات پر غور کریں گی۔
اجلاس کے پہلے مرحلے میں صدر کی تقریر پر شکریہ کی تحریک پر ایوان میں تفصیلی بحث ہوئی، جس میں اپوزیشن نے حکومت کی پالیسیوں پر سوالات اٹھائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے شکریہ کی تحریک پر بحث کا جواب دیا اور بعد میں اپوزیشن کے واک آوٹ کے درمیان اسے منظور کر لیا گیا۔
بجٹ پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت میں سدھار کے اشارے مل رہے ہیں۔ اس کے بعد آئین (شیڈولڈ ٹرائب) ترمیمی بل منظور کرنے کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کاروائی دو مار چ تک کے لیے ملتوی کر دی۔