وزیراعظم نریندر مودی نے منموہن سنگھ کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی لمبی عمر اور صحتمند زندگی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کانگریس کے رہنما سچن پائلٹ نے بھی ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم اور راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں خدا سے آپ کی لمبی عمر اور تندرستی کا متمنی ہوں‘۔
کانگریس اور ایک اور رہنما جے ویر شیرگل نے بھی منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ’دیانتدار، سادگی پسند اور سچے سیاست داں جن کے الفاظ سے زیادہ ان کے کام بولتے ہیں، منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارکباد، آپ کی رہنمائی میرا سب سے بڑا حزانہ ہے‘۔
اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے متعدد رہنماؤں نے بھی سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
2004 تا 2014 تک یو پی اے کی مخلوعہ حکومت کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر منموہن سنگھ آج 88 برس کے ہوگئے جبکہ 1990 کی دہائی کے دوران ملک میں بڑے پیمانہ پر اصلاحات لانے کا سہرہ انہی کے سر جاتا ہے اور معروف ماہر معاشیات 10 سال تک وزیراعظم کے پروقار عہدہ پر فائز رہے تھے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پیدائش تقسیم ہند سے قبل 26 ستمبر 1932 کو صوبہ پنجاب کے گاؤں گاہ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جہاں انہوں نے 1957 میں اکنامکس کی فرسٹ کلاس آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ 1962 میں انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے اکنامکس میں ڈی۔فیل کیا۔
1971 میں منموہن سنگھ کو وزارت کامرس میں اقتصادی مشیر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا اور پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت میں انہیں وزیر خزانہ کی حیثیت سے نامزد کیا گیا جبکہ ملک کو سخت معاشی بحران کا سامنا تھا۔ 2004 کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعد سونیا گاندھی نے منموہن سنگھ کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کیا تھا۔ 1987 میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا جبکہ انہیں دیگر کئی ملکی و بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ ڈاکٹر سنگھ کو متعدد یونیورسٹیز سے اعزازی ڈگریاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔