صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کاوشیں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رنگ لارہی ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 32،223 کورونا سے متاثرہ افراد ٹھیک ہوچکے ہیں، جس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 8،49،431 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 48،916 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی، جس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 13،36،861 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس کے 4،56،071 زیر علاج مریض ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جانچ میں تیزی لانے سے شفایابی کی شرح مستقل طور پر بہتر ہورہی ہے۔ اس سے متاثرہ افراد کی تشخیص وقت پر ہوجاتی ہے اور ان کا علاج بھی جلد شروع کردیا جاتا ہے جس سے متاثرین کی حالت تشویشناک نہیں ہوتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 1،301 کورونا ٹیسٹ لیباریٹریوں نے ریکارڈ 4،20،898 نمونوں کی جانچ کی، جس سے اب تک جانچ کیے گئے نمونوں کی تعداد 1،58،49،068 ہوگئی ہے۔
مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ جانچ میں تیزی لانے سے ابتداء میں کورونا وائرس کے زیادہ معاملےسامنے آسکتے ہیں، لیکن بعد میں اس کی تعداد کم ہو جائے گی۔