وزیراعلی اروند کیجریوال کی حلف برداری تقریب میں دہلی کے اساتذہ کی شرکت کے لیے سرکاری دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹس پر بی جے پی رہنما نے عام آدمی پارٹی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔
بی جے پی رہنما تاجندر پال سنگھ بگا اور رکن پارلیمان پرویش ورما نے اس دعوت نامے کو دادگیری بتاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنی حلف برداری میں ہجوم کو بڑھانے کے لئے ، دہلی کے اساتذہ کو تقریب میں زبردستی بلا رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ذریعہ دہلی کے وزیر اعلی اور کابینہ کے حلف برداری میں ایک سرکلر جاری کرکے کہا گیا ہے کہ اس حلف برداری میں حاضری دیکھی جائے گی۔ اس آرڈر میں تمام ڈی آئی ای ٹی ، ایس سی ای آر ٹی ، اور ڈی او ای کے تمام عملے کو طلب کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے ترجمان تاجندر پال سنگھ بگا نے کہا کہ دہلی کے نام نہاد بیٹے اروند کیجریوال کے ذریعہ زبردستی طور پر اساتذہ کو بلایا جانا کہاں تک جائز ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر مجمع اکھٹا نہیں ہو رہا ہے ، تو انہیں کسی چھوٹی جگہ پر حلف اٹھانا چاہئے، لیکن اساتذہ پر اپنی دادگیری نہیں چلانی چاہئے ۔
وہیں پریش ورما نے کہا کہ اساتذہ اپنی خوشی سے حلف برداری میں شرکت کریں تو ٹھیک ہے۔ لیکن حکومت کے طرف سے انہیں احکامات جاری کر کے شرکت کے لئے طلب کیا جائے یہ کہاں تک جائز ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب بھیڑ اکٹھا حکومتی خرچ پر کیا جائے گا؟ جس طرح 'ترقیاتی ماڈل' صرف اخبارات اور میڈیا کے اشتہارات میں دیکھا جاتا تھا۔
دوسری طرف ، عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ محض دعوت نامہ ہے۔ کسی کو بھی اس تقریب میں شرکت کے لئے مجبور نہیں کیا گیا ہے۔