دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر انل چودھری نے ری پبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کے خلاف نفرت پھیلانے، ملک کا ماحول خراب کرنے اور کانگریس صدر سونیا گاندھی پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مجرمانہ معاملہ درج کرنے کی شکایت کی ہے۔
انل چودھری نے ارنب گوسوامی کے خلاف آئی پی اسٹیٹ تھانے میں شکایت درج کرائی ہے اور اس کی کاپی پولیس کمشنر ایس این شریواستو اور وسطی دہلی ضلع پولیس ڈپٹی کمشنر سنجے بھاٹیہ کو دی ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ ارنب گوسوامی نے 21 اپریل کو اپنے ٹی وی پروگرام میں سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا اور سماج میں نفرت پھیلانے نیز مختلف مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرنے والے بیان دیا ہے۔
انل چودھری نے ارنب گوسوامی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ارنب گوسوامی نے گزشتہ روز مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں ہجومی تشدد میں دو سادھوؤں سمیت تین افراد کے قتل کے واقعہ پر اپنے چینل پر بحث و مباحثہ پروگرام کیا تھا۔
اس پروگرام میں انہوں نے کانگریس صدر پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، ساتھ ہی پالگھر تشدد کے حوالے سے مخصوص طبقہ کے حوالے سے بھی تبصرے کئے تھے۔
اس معاملہ میں گوسوامی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔