گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے پتی رامپورہ علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چنار کے درخت کی شاخ گرنے سے ایک 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، متوفی کی شناخت امان اکبر گنائی ساکن تریوسہ صفا پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کچھ مزدور علاقے میں چنار کے درخت کی کٹائی کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک شاخ امان اکبر گنائی کے اوپر گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں امان گنائی شدید طور زخمی ہو گیا۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بوسیدہ چنار طلبہ کے لیے وبال جان
پولیس نے واقعے کی نسبت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔ عوامی حلقوں میں حادثے کی نسبت تشویش کی لہر دوڈ چکی ہے۔ اس بارے میں جب ہم نے تحصیلدار جاوید احمد زرگر سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ چنار کاٹنے والے شخص کے پاس کوئی اجازت نامہ نہیں تھا، اگرچہ اس سے پہلے ایک اجازت نامہ دیا گیا تھا تاہم وہ ایکسپائر ہو گیا تھا۔ لہذا یہ شخص غیر قانونی طور چنار کاٹ رہا تھا۔ اس واقعے پر مقامی لوگوں نے بھی غم و غصے کا اظہار کیا۔