نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے پیر کو پارٹی کارکنوں کو سال 2023 میں نو ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور اگلے سال لوک سبھا کے ہر انتخابات میں جیت کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی انتھک محنت کے سرمائے کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں جے پی نڈا کے افتتاحی خطاب کی تفصیلات بتاتے ہوئے، پارٹی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے صحافیوں کو بتایا، "صدر نے پارٹی کے لوگوں سے کہا ہے کہ سال 2023 بہت اہم ہے۔ اس سال نو ریاستوں میں اسمبلی انتخابات اور اگلے سال لوک سبھا کے انتخابات ہونے ہیں۔ ہمیں ایک الیکشن بھی نہیں ہارنا ہے۔
روی شنکر پرساد نے کہا کہ 'جے پی نڈا نے کہا کہ جہاں حکومت ہے وہاں اسے مضبوط کرنا ہوگا اور جہاں حکومت نہیں ہے اسے مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ روی شنکر پرساد کے مطابق جے پی نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خاکہ کے مطابق ہمیں 72 ہزار کمزور بوتھوں کو نشان زد کرکے مضبوط کرنے کا ہدف ملا تھا۔ ہر لوک سبھا حلقہ میں 100 بوتھ اور ہر اسمبلی حلقہ میں 25 بوتھس تک پہنچنا تھا، لیکن ہم کامیابی کے ساتھ ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ بوتھ تک پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: JP Nadda slams Patnaik پٹنائک کو ہٹا کر بی جے پی کو اقتدار میں لائیں، نڈا
روی شنکر پرساد نے کہا کہ 'پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے سب سے کہا کہ 2023 ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سال 9 ریاستوں میں انتخابات ہونے ہیں۔ انہوں نے سب کو کہا کہ تیار ہو جائیں کہ ہمیں ایک بھی الیکشن نہیں ہارنا ہے۔ ان کا واضح پیغام تھا کہ ایک بھی ریاستی الیکشن نہیں ہارنا ہے۔ ہمیں تمام 9 ریاستوں میں جیتنا ہے۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے میٹنگ میں حال ہی میں ختم ہونے والے انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ گجرات کی جیت تاریخی اور بے مثال ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی کی دو روزہ قومی ایگزیکٹو میٹنگ 16 جنوری سے دہلی میں شروع ہوئی۔ میٹنگ میں پی ایم مودی، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر مرکزی وزراء اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
یو این آئی