قومی دارالحکومت دہلی سے متصل شہر نوئیڈا میں کوروناوائرس کے انفیکشن سے بچانے اور کووڈ-19 پروٹوکول کے مطابق متاثرہ افراد کا بہتر علاج ممکن بنانے اور صحت مند گھر بھیجنے کے لیے ریاستی حکومت سنجیدہ ہے۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل چیف سکریٹری ہیلتھ ایجوکیشن محکمے کے رجنیش دوبے نے اندرا گاندھی کلا سینٹر سیکٹر چھ نوئیڈا کے آڈیٹوریم میں ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔
اس میٹنگ کے دوران بحران کے اس لمحے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تلاش اور پروٹوکول کے مطابق متاثرہ افراد کا ممکنہ علاج اور کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش دوبے نے کہا کہ جس رفتار سے ہم کورونا سے متاثرہ افراد کی شناخت کرسکتے ہیں، اس سے ہم کورونا وائرس کے انفیکشن کو تیز رفتاری سے ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے کہا کہ نگرانی کا جتنا زیادہ کام ہوگا، متاثرہ افراد کو اتنا ہی فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کووڈ ہسپتالز میں بائیو میڈیکل کچرے کی تلفی کو پروٹوکول کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
جائزہ لینے کے دوران انھوں نے پایا کہ شاردا ہسپتال میں چار ڈاکٹرز نے ملازمت چھوڑ دی ہے، وہیں دوسری طرف 40 نرسز نے بھی کچھ بتائے بغیر ملازمت چھوڑ دی۔
واضح رہے کہ اس معاملے کے بعد ایڈیشنل چیف سکریٹری نے اس واقعے کو بہت سنجیدگی سے لیا اور میٹنگ میں ہی ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ ایسے ڈاکٹرز اور نرسز کے خلاف ایف آئی آر درج کریں، اور کووڈ-19 ایکٹ کے تحت کارروائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا کہ مریض کو شفٹ کرتے وقت ایمبولینس کو مناسب آکسیجن اور تربیت یافتہ اٹینڈینٹ کے سہولت کے ساتھ مریضوں کی مناسب منتقلی کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ اموات کو کم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک علیٰحدہ کنٹرول روم کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ تمام مریضوں کو ان کی حالت کی بنیاد پر ہسپتالز میں علاج کرایا جاسکے۔