دارالحکومت دہلی میں پانی مفت نہیں، تم پیسے لو، معیاری پانی دو اسی طرح کے نعرے آج مشرقی دہلی کے کرشنا نگر اسمبلی حلقہ میں آلودہ پانی کی فراہمی کے خلاف احتجاج میں لگائے گئے۔
ایسٹ دہلی میونسپل کارپوریشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سندیپ کپور نے کہا کہ گندے پانی کے لیے دہلی کی ریاستی حکومت ذمہ دار ہے، اس موقع پر کارپوریٹر نیم بھگت اور بی جے پی میڈیکل سیل کے شریک آفیسر ڈاکٹر انیل گوئل بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ دہلی میں آلودہ ہوا کے بعد اب آلودہ پانی کی فراہمی کی وجہ سے روزانہ مظاہرے ہورہے ہیں۔ ہفتہ کے روز، مشرقی دہلی کے کرشنا نگر میں بی جے پی کے وفد کی سربراہی میں کیجریوال حکومت اور ان کے مقامی رکن اسمبلی ایس کے بگہ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
اس موقع پر سندیپ کپور نے کہا کہ دہلی حکومت کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے عوام پینے کے پانی کے نام پر زہر پینے پر مجبور ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی رکن اسمبلی ایس کے بگہ بھی مکمل طور پر ذمہ دار ہیں جو علاقے کے مسائل سننے کی بجائے غائب ہیں۔
اس مسئلے پر کرشنا نگر بی جے پی نے ہفتے کی صبح علاقے میں ایک ریلی نکالی، جس میں بی جے پی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور عوام نے حصہ لیا۔
سبھی نے سفیدہ بستی میں رکن اسمبلی بگہ کے دفتر کا محاصرہ کیا اور گندے پانی کے نمونے دفتر کے حوالے کیے گئے۔
مظاہرے میں سندیپ کپور، نیما بھگت، ڈاکٹر انیل گوئل، وریندر اگروال، کرشنا نگر انچارج بابو لال گولچہ، جنرل سیکریٹری کُش کمار، اندرا مل، سریتا بھاٹیا اور یووا مورچہ کے صدر ہتش گیری بھی موجود تھے۔