نئی دہلی:دہلی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ایم سی ڈی کی انہدامی کارروائی جاری ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن نے آج آئی ٹی او میں قبرستان کی دیوار کے ساتھ اور پریس لین کے پیچھے سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 50 سے زائد دکانوں کو مکمل طور پر منہدم کردیا،عدالت کے حکم پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جو رات گئے تک جاری رہی،کارپوریشن حکام نے بتایا کہ عدالت کے حکم کے بعد تقریباً 1800 مربع میٹر اراضی کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے۔
MCD Bulldozers Raze 50 Shops Near Delhi’s Largest Burial Ground
کارپوریشن کے انکروچمنٹ اسکواڈ کے افسران پولیس فورس کے ساتھ بدھ کی صبح تقریباً 12 بجے آئی ٹی او میں ٹائمز آف انڈیا کی عمارت کے پیچھے پہنچے اور وہاں رکاوٹیں لگا کر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روک دیا،کارپوریشن سکواڈ کے بلڈوزروں نے قبرستان کی باؤنڈری وال سے ملحقہ پکی دکانوں کوتوڑنا شروع کر دیا۔ ان میں چائے کے سٹال، ڈھابے، کباڑی اور چھوٹے اخبارات کے دفاتر شامل ہیں۔
یہاں ڈھابہ چلانے والے پردیپ ملک نے بتایا کہ ان کی دکان 55 سال سے زیادہ پرانی تھی جسے کارپوریشن نے منہدم کر دیا۔ وہ برسوں سے دکان کا ہاؤس ٹیکس، بجلی کا بل جمع کرا ر ہے ہیں، لیکن اس دکان کی رجسٹری اس کے پاس نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:Bulldozer in Mangolpuri: منگولپوری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی
اسکریپ کی دکان چلانے والے انیس نے بتایا کہ انہوں نے سال 2011 میں پانچ لاکھ روپے دے کر دکان خریدی تھی۔ اس کے پاس کارپوریشن کا UPIC نمبر بھی ہے اور وہ وقتاً فوقتاً ہاؤس ٹیکس اور بجلی اور پانی کے بل جمع کرتا رہتا ہے۔ تقریباً ایک سال قبل کارپوریشن نے دکانیں خالی کرنے کو کہا تھا۔