دہلی: دارالحکومت دہلی کے شاہ آباد ڈیری علاقے کی جھگیوں میں آج اچانک آگ لگ گئی جس سے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق آگ شروع میں صرف ایک جھگی میں لگی تھی لیکن دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً دو درجن سے زائد جھگیوں کو اپنی زد میں لے لیا، بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ سہ پہر ساڑھے تین سے چار بجے کے درمیان پیش آیا۔
جائے وقوع پر موجود لوگوں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش کرنے لگی لیکن آگ کا دائرہ زیادہ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کو بھی آگ پر قابو پانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ اب تک کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔