وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کوون ورلڈ کانفرنس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پوری دنیا کو ہمیشہ ایک کنبہ کی طرح سمجھا ہے۔ اس وبا نے بھی متعدد لوگوں کو اس میں چھپی حقیقت کا احساس کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسے مدنظر رکھتے ہوئے اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کووڈ ٹیکہ کاری کے پلیٹ فارم کو اوپن سورس بنایا جانا چاہئے جس سے دنیا کا کوئی بھی ملک اس سے فائدہ اٹھا سکے۔
انہوں نے کہاکہ اس سمت میں کام کیا جارہا ہے اور جلد ہی دنیا اس تکنالوجی کا فائدہ اٹھا سکے گی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے شروع میں وبا کی وجہ سے جان گنوانے والے لوگوں کو خراج عقیدت دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سو برسوں میں اس سے پہلے کبھی اس طرح کی وبا کا دنیا نے سامنے نہیں کیا۔ تجربات سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ خواہ کوئی کتنا بھی طاقت ور ملک ہو وہ تنہا اس چیلنج سے نہیں نپٹ سکتا۔ اس وبا کے شروع سے ہی بھارت نے پورا تجربہ، مہارت اور وسائل عالمی برادری کے ساتھ شیئر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ تمام سرحدوں کے باوجود بھارت نے کووڈ۔ 19کے خلاف مہم میں تکنالوجی اور دیگر چیزیں تمام کے ساتھ جہاں تک ممکن شیئر کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سافٹ ویئر کے معاملہ میں کسی طرح کی حد نہیں ہے اس لیے ہم نے کووڈ کا پتہ لگانے اور متاثرہ شخص کے رابطوں کا پتہ لگانے سے متعلق ایپ کو جہاں تک ممکن ہو اوپن سورس بنا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 'اس وبا سے لڑنے کے لیے ٹیکہ کاری امید کی سب سے بڑی کرن ہے۔بھارت نے شروع سے ہی اس سے نپٹنے کے لیے پوری طرح سے ڈیجیٹل نظریہ اختیار کیا اور ٹیکہ کاری سمیت ہماری تمام اسکیمیں اسی پر مبنی ہیں'۔
یو این ائی۔