صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے آج شام بتایا کہ کیرالہ کے تین مریضوں سمیت اب تک 30 لوگوں میں اس وبا کا انفیکشن پایا گیا ہے۔ ان میں دہلی این سی آر میں تین کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں دو مریض اٹلی ہوکر اور ایک ایران ہو کر آیا تھا۔
دہلی میں سامنے آئے پہلے معاملے کے رابطے میں آئے چھ افراد کے بھی كووڈ - 19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تلنگانہ میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ مریض دبئی گیا تھا جہاں وہ سنگاپور کے ایک مسافر کے رابطے میں آیا۔ ہندوستان گھومنے آئے اٹلی کے 14 سیاحوں اور ان کے ساتھ رہے ایک ڈرائیور کو بھی کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔
تلنگانہ میں دو لوگوں کو پہلے نگرانی میں رکھا گیا تھا، ان کی جانچ رپورٹ میں پایا گیا ہے کہ وہ اس وائرس میں مبتلا نہیں ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ 6،550 پروازوں میں بیرون ملک سے آنے والے 6،49،452 مسافروں کی اب تک اسکریننگ کی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی کرونا وائرس کے مریضوں کے براہ راست یا بالواسطہ طور پر رابطے میں آنے والے 29،609 لوگوں کی صحت پر نگرانی رکھی جا رہی ہے۔