عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے صرف تین دنوں میں ہی کمال کردیا، جو پورے ملک میں موضوع بحث بناہواہے۔ Kejriwal on Punjab Government
اے اے پی حکومت نے پرانے وزراء سے سیکورٹی واپس لے کر، تباہ شدہ فصلوں کامعاوضہ، اینٹی کرپشن ہیلپ لائن اور25 ہزار سرکاری نوکریوں کا اعلان کر کے لوگوں میں اعتماد پیدا کیا۔ یہ ایک بہترین آغاز ہے اور لوگوں کی توقعات آہستہ آہستہ اعتماد میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت بھی بن گئی اور کام بھی شروع کیا، لیکن چار ریاستوں میں جیتنے والی بی جے پی نے ابھی تک حکومتیں نہیں بنائی ہیں تو وہ کام کیا کریں گے۔ کیجریوال نے کہا کہ کسی کو چنڈی گڑھ میں نہیں بیٹھنا ہے۔ ہمارا ہر ایم ایل اے اور وزیر عوام کے درمیان گھومے گا۔ ہمیں عوام کے دل جیتنے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں جیت کی مبارک باد دی اورکہا کہ میں آج بہت خوش اور جذباتی محسوس کررہا ہوں۔ اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی پنجاب کے عوام نے بے مثال محبت دی ہے۔ ہمیں اتنے ووٹ دئے، اتنی سیٹیں دیں اور تمام پرانے لیڈروں کو شکست دی۔ دوسری، جس طرح سے گزشتہ کچھ دنوں پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے پنجاب کے اندر زبردست کام کرکے دکھایا ہے۔ 16 مارچ کو ان کی حلف برداری ہوئی اور آج 20 تاریخ ہے۔ صرف تین دن میں ہی مان صاحب نے کمال کر دیا۔ صرف پنجاب میں ہی نہیں، بلکہ پورے ملک میں بھگونت مان کاچرچاہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے جتنے بڑے بڑے پرانے وزرا ہوا کرتے تھے، ان کی سیکیورٹی ہٹا کر ان پولیس اہلکاروں اور گاڑیوں کو عوام کی سیکیورٹی پر لگا دیا گیا ہے۔ اکتوبر کے اندر جو فصلیں تباہ ہوئیں، ان فصلوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا تھا۔ وہیں اے اے پی کی حکومت بنتے ہی ایک دوروز کے اندر تمام کسانوں کو معاوضہ ان کے اضلاع میں پہنچ گیا۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اگلے تین چار دنوں میں کسانوں کو معاوضے کے چیک ملنا شروع ہو جائیں گے۔ یہ سن کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ اس سے پہلے جس طرح سے آپ نے اینٹی کرپشن ہیلپ لائن جاری کرنے کا اعلان کیا۔ میں اسے ہیلپ لائن نہیں کہوں گا، وہ ایکشن لائن ہے۔ آپ نے جس طرح سے اینٹی ایکشن لائن کا اعلان کیا، دہلی کے اندربھی اس کی وجہ سے بدعنوانی ختم ہوگئی۔
اے اے پی کے کنوینر نے کہا کہ ہم لوگوں نے 75 سال ضائع کردئے۔ اب وقت کم ہے۔ ہرایک وزیر کو مان صاحب ایک ٹارگٹ دیں گے کہ کتنے دنوں میں کتنا کام کرنا ہے۔ دن اور رات 24 گھنٹے کے ہیں۔ آپ کو دن رات کام کرناپڑے گا اورخوب محںت کرنے پڑے گی۔ اگر آپ کے ٹارگٹ پورے نہیں ہوتے ہیں، تو پھر لوگ ہی کہیں گے کہ اے اے پی اس وزیرکو بدلو اوردوسرے وزیرکو لے کرآو۔ ہوسکتا ہے کہ اس وقت آپ کو تھوڑاسابرالگے، لیکن مجبوری ہے۔ آپ کو کام توکرناپڑے گا اورٹارگیٹ بھی پورے کرنے پڑیں گے۔
یو این آئی