جے پی پبلیشر کی جانب سے شائع کی گئی میڈیکل کی مقابلہ جاتی امتحانات کی کتاب مائکرو بائلوجیکل میں متنازعہ متن شامل کرنے کے بعد اس پر مسلمانوں کے درمیان کافی غصہ دیکھنے کو مل رہا تھا اسی وجہ سے جمعیت علماء ہند نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جے پی پبلیشر سے فون پر رابطہ کرکے اپنے اعتراضات پیش کیے، جس کے بعد پبلیشر کی جانب سے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی قبول کی۔
تاہم آج جمعیت علماء ہند کا ایک وفد مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں جے پی پبلیشر کے دفتر پہنچا، جہاں پبلیشر کی جانب سے پرمود نے تمام اعتراضات کو سمجھا اور تحریری معافی مانگنے کے لیے 2 روز کا وقت دریافت کیا۔
حالانکہ جے پی پبلیشر کی جانب سے پرمود نے اس کتاب کو وفد کے سامنے رکھا جس پر اعتراض تھا اور دوسری جانب ترمیم شدہ کتاب بھی سامنے رکھی جس میں سے متنازع متن کو ہٹایا جا چکا ہے۔
اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ میں جو بھی کتاب دستیاب ہیں انہیں جلد از جلد واپس منگا لیا جائے گا اور اس کے بدلے ترمیم شدہ کتاب کو مارکیٹ میں اتارا جائے گا۔
پرمود نے مزید کہا کہ اگر کوئی یہ کتاب خرید چکا ہے وہ چاہے تو اس کتاب کو واپس کرکے اپنی رقم بھی واپس وصول سکتا ہے۔
اس دوران جمعیت علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جو اعتراضات تھے وہ پبلیشر کی جانب سے ختم کر دیے گیے ہیں اور انہوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی مولانا محمود مدنی کو خط کے ذریعے معذرت بھی کی جائے گی اور آگے اس طرح کی کوئی بھی سرزد نہ ہو اس کا بھی خیال رکھا جائے گا۔