چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے حکم پر تشکیل اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق وزیراعلی اجیت جوگی کو قبائلی نہیں مانا ہے اور ان کی ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو مسترد کردیا ہے۔
اعلی عہدے دار ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر ریاستی حکومت کے ذریعہ 2018 میں قبائلی بہبود کے محکمہ کے سکریٹری ڈی ڈی سنگھ کی صدارت میں تشکیل اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے حکومت کو سونپی اپنی رپورٹ میں مسٹر جوگی کو قبائلی نہیں مانا ہے۔کمیٹی نے انہیں ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو مسترد کرکے بلاس پور کے کلیکٹر کو درج فہرست ذات و قبائل اور پسماندہ طبقے ایکٹ 2013 کے التزامات کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے بلاس پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو جوگی کو ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو ضبط کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔مسٹر جوگی کی ذات کے سلسلے میں ان کے خلاف مرواہی سیٹ سے بی جےپی کے ٹکٹ پر ماضی میں الیکشن لڑ چکے سنت کمار نیتام نے قومی درج فہرست ذات کمیشن میں شکایت درج کی تھی،جس پر کمیشن نے مسٹر جوگی کو نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ ہائی پاور کمیٹی کی ہدایت پر بھوپیش سرکار نے جوگی کے ذات پات کے معاملے میں ڈی ڈی سنگھ کی قیادت میں ایک انکوائری کمیٹی کی تشکیل دی تھی۔
مسٹر جوگی نے اس کے خلاف بلاس پور ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر کے کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیاتھا۔ہائی کورٹ نے جوگی کی عرضی منظور کرکے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ کمیشن کو ذات کا تعین،جانچ اور فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔نیتام اس کے خلاف سپریم کورٹ گئے۔جس پر سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت سے اعلی سطحی کمیٹی بناکر ذات معاملہ کو حل کرنے کا حکم دیا۔
ریاستی حکومت نے 2017 میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر رینا بابا صاحب کنگالے کی صدارت میں تحقیقی کمیٹی تشکیل دی۔اس کمیٹی نے بھی جوگی کے کنور قبائلی نہ ہونے کی رپورٹ دی تھی۔جوگی اس کے خلاف ہائی کورٹ گئے،جہاں اس میں عملی خامیوں کی وجہ سے ہائی کورٹ نےریاستی حکومت کو اس کمیٹی کی جگہ دوسری کمیٹی بنانے کی ہدایت دی تھی۔اسی بنیاد پر ذات کے بہبود کے محکمے کے سکریٹری ڈی ڈی سنگھ کی صدارت میں کمیٹی تشکیل کی گئی تھی۔
جوگی کی ذات کے سلسلے میں اس فیصلے سے ریاست کی سیاست پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔مسٹر جوگی نے تقریباً تین سال پہلے کانگریس سے الگ ہوکر جنتا کانگریس چھتیس گڑھ پارٹی بنائی تھی۔پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پانچ اسمبلی سیٹیں جیتی تھیں۔اس میں مسٹرجوگی بھی شامل ہیں جو کہ درج فہرست ذات و قبائل کےلئے ریزرو اپنی روایتی سیٹ مرواہی سے رکن اسمبلی ہیں۔
اسی معاملے میں ہائی کورٹ کے حکم کے بعد اجیت جوگی نے20 اگست کو ہائی پاور کمیٹی کے سامنے اپنا جواب پیش کیا تھا۔