بڈگام: وسطی کشمیر کے چرار شریف علاقے میں 65 سالہ شہری پر چاقو سے وار کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔پولیس نے ملزم کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔
اطلاعات کے مطابق چرار شریف میں اتوار کے روز وازہ باغ علاقے میں مخالف سمت میں ایک شخص نے اپنی ٹاٹا موبائیل گاڑی کھڑی کر رکھی تھی چنانچہ ایک مقامی شہری جو کہ اپنی گاڑی میں سوار تھا نے ٹاٹا موبائیل ڈرائیور کو گاڑی ایک سائڈ کرنے کے لئے کہا تاکہ ٹریفک کی آمدورفت میں کوئی خلل نہ پڑ سکے ۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی مقامی شہری نے ٹاٹا موبائیل ڈرائیور کو اپنی گاڑی ایک سائڈ کرنے کے لئے کہا جو کہ اس کو گوارا نہ ہوا اور طیش میں آکر اس نے کسی تیز دھار والے ہتھیار سے مقامی شہری جس کی شناخت 65 سالہ عبدالرشید بابا ولد عبدالغنی ساکن وازہ باغ چرار شریف کے بطور ہوئی ہے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
معمر شہری کے بتایا کہ چرار شریف میں وازہ باغ چونگی کے نزدیک جب میرے والد نے مخالف سمت میں کھڑی کی گئی گاڑی کے ڈرائیور کو گاڑی ایک سمت کرنے کو کہا جس پر وہ بھڑک گیا اور اس نے ان کے والد کی گردن پر چاقو اور گاڑی کی چابی سے کئی وار کئے جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کے سر پر کئی ٹانکیں آئیں۔مقامی لوگوں نے ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں:
- Knife Attacks in Kashmir کشمیر میں چاقو زنی کے نئے رجحان میں تشویشناک حد تک اضافہ
- Sharp Edged Weapons Banned سرینگر میں تیز دھار ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد
دریں اثنا پولیس کے ایک سینیئر عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی کہ وازہ باغ چرار شریف میں مقامی شہری پر کسی تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاکر ملزم جس کی شناخت عابد حسن راتھر ولد غلام حسن راتھر ساکن باغ مہتاب سرینگر کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 74/2023زیر دفعات 307,323,341آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
(یو این آئی)