بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام میں سلیب گرنے سے مزدور کی موت ہوگئی، جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقہ میں ایک سرکاری اسکول میں کنکریٹ کا سلیب گرنے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جس میں ایک مزدور کی موت ہوگئی جب کہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ منگل کی صبح گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کھاگ میں پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ مزدور اسکول کے باتھ روم کو اکھاڑ پھینکنے میں مصروف تھے کہ اچانک سلیب گر کر دونوں افراد کے اوپر گر گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے مزید بتایا کہ لوہرن کھاگ کا رہائشی مشتاق احمد ٹھوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک اور مزدور جس کی شناخت جاوید احمد شاہ کے نام سے ہوئی ہے شدید زخمی ہو گیا ہے اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم اب اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پولیس اور سول حکام صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور اس افسوسناک واقعہ کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے ایک کیس درج کرلیا گیا ہے۔ اور حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔