وسطی ضلع بڈگام میں آج رن فار یونٹی کا اہتمام کیا گیا۔ بڈگام پولیس کی جانب سے اس دوڑ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ریس میں ڈھائی سو سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں بچے، نوجوان، سرکاری ملازم اور پولیس کے کئی اہلکار بھی شامل تھے۔ بڈگام ریلوے اسٹیشن سے ریس شروع ہوئی اور اسپورٹس اسٹیدیم بڈگام میں ریس کا اختتام ہوا۔
ریس میں حصہ لینے والے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آنے والے وقت میں بھی ایسے پروگراموں کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل جو نشہ جیسی بری عادتوں میں مبتلا ہوئی ہے وہ ان برائیوں سے دور ہوکر کھیل سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کو بھی بہتر کر سکیں.ریس میں کئی کم عمر بچوں نے بھی شرکت کی۔ اسکے علاوہ ایس ایس پی بڈگام نے بھی ریس میں حصہ لیا۔
پروگرام میں ضلع ترقیافی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا اس دوڑ کا یہی مقصد ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے دوڑ میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ پڑھایی اور کھیل کے شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے تاکہ بھارت کا نام دنیا بھر میں مزید روشن ہو سکے۔ وہیں ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ریس میں حصہ لینے والوں کو مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے بڈگام پولیس نے گزشتہ کئی ماہ سے منشیات کے خلاف مہم کو تیز کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انکی یہ مہم تب تک جاری رہے گی جب تک وہ ضلع کو اس برائی سے پاک کرتے ہیں. وہیں ضلع بڈگام میں نوجوان نسل ڈرگس جیسے بری عادتوں میں مبتلا ہوئی ہے۔ ایسے وقت میں پولیس کی جانب سے ان پروگراموں کا اہتمام کرنا لوگوں خاص کر نوجوان نسل کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ بری عادتوں سے دور ہوکر اپنی صحت کا خیال رکھیں اور خوشحال زندگی بسر کریں۔