ضلع بڈگام میں غلط جگہ گاڑی پارک کرنے اور بغیر کاغذات گاڑی چلانے سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف ہفتہ کو محکمہ ٹریفک نے کارروائی عمل میں لائی۔
ای ٹی وی بھارت نے چند روز قبل ضلع بڈگام میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور ناقص ٹریفک نظام سے متعلق ایک خبر نشر کی تھی جس دوران اے آر ٹی او بڈگام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بڈگام میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے جلد کارروائی کی جائے گی۔
ہفتہ کو ٹریفک پولیس نے بڈگام میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی ڈرائیورز پر جرنامہ عائد کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹریفک قوانین ڈرائیورز، مسافروں اور راہگیروں کی حفاظت کے لیے ہی وضع کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں؛ بڈگام میں روڈ سیفٹی ویک، زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نہیں
انہوں نے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمیٹ خود گاڑی / موٹر سائیکل سوار کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مستقبل میں بھی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
ٹریفک حکام کے مطابق ضلع میں کئی سڑکیں تنگ ہیں اور سڑکوں کے کنارے گاڑیاں پارک کرنے سے ٹریفک کی نقل و حمل میں دشواریاں پیش آتی ہیں جس کے سبب غلط جگہ گاڑیاں پارک کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔