دربھنگہ میں ایک خاتون کی جلی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولس نے بتایا کہ بہادر پور تھانہ علاقہ کی ہاوسنگ کالونی میں بند پڑے مکان کے ایک کمرے سے خاتون کی جلی ہوئی لاش ملی ہے۔
خاتون کی لاش کا 95 فیصد حصہ پوری طرح جل گیا ہے۔ جلے ہوئے کچھ حصے ملنے سے خاتون کی لاش ہونے کا پتا چلتا ہے، لاش کے پیر میں پایل بھی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لاش کے بقیہ حصے کو پوسٹ مارٹم کے لئے دربھنگہ میڈیکل کالج ہسپتال (ڈی ایم سی ایچ) بھیج دیا گیا ہے۔ کھوجی دستے کی ٹیم اور فارنسک لیب کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جس مکان سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے وہ مکان کسی کو الاٹ نہیں ہے اور اس علاقہ میں چند روز قبل بھی ایک خاتون کی جلی ہوئی لاش ملی تھی۔
اس علاقے میں بہار اسٹیٹ ہاوسنگ بورڈ کے تحت متعدد پلاٹوں پر بنے ہوئے مکانات پر جرائم پیشہ افراد کا قبضہ ہے۔