بہار کے ضلع گیا میں واقع نکسل متاثرہ آمس بلاک کے طلبہ و طالبات نے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ Good Performance of Students
بیدا گاؤں کے رہنے والے آفتاب حیدر کے بیٹے تنویر حیدر نے انٹر سائنس میں 86 فیصد نمبر حاصل کر کے اپنے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔
شہر گیا میں واقع گیا کالج سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے تنویر نے گاؤں میں ہی واقع گاندھی آزاد پبلک اسکول میں پرائمری تعلیم مکمل کرنے کے بعد میٹرک میں بھی 85.5 فیصد نمبر حاصل کیے تھے۔
سائنسدان بننے کی خواہش رکھنے والے تنویر نے بتایا کہ انھیں لاک ڈاؤن کے دوران کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہمت نہیں ہاری اور گھر پر محنت کرکے کورس مکمل کیا۔
تنویر کے علاوہ آمس بلاک کے ضیاءالحق، ثناء، تمنا پروین، فرحان فضل، صابرین پروین، جاوید اختر عرفان شیخ، انجلی اور روزی وغیرہ نے بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
طلبہ و طالبات کی کامیابی پر آمس بلاک کے بی ڈی او ڈاکٹر اتلیہ کمار، بلاک پر مکھ لڈن خان، ضلع پریشد کی رکن پریتی کماری گاندھی آزاد پبلک اسکول کے پرنسپل ظہیر انور ہوپ فاؤنڈیشن کے صدر شوکت علی، محفوظ عالم، محمد علی وغیرہ نے سبھی کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی ہے۔