پروگرام کی صدارت معروف شاعر الحاج زبیر الحسن غافل (سبکدوش جج) اور نظامت کے فرائض شمس الہدی معصوم نے انجام دیئے۔
شمس الہدی معصوم نے مہمان خصوصی ڈاکٹر ضیاء الرحمن ضیاء مدنی کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء کو علامہ اقبال اور احمد شوقی ایک تقابلی مطالعہ کے لئے بہار اردو اکیڈمی کی جانب سے پہلا انعام مل چکا ہے۔
ڈاکٹر ضیاء کی پیدائش ارریہ کے گاؤں میں ہوئی اور انہوں نے یہیں تعلیم حاصل کی۔ المنار ایجوکئیر کے چیئرمین الحاج محمد محسن نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان سے زیادہ ایک تہذیب ہے، اگر زبان مٹ گئی تو ہماری تہذیب ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ سیمانچل میں اسکولوں اور مدرسوں میں عربی اور اردو زبان ترجیحی بنیاد پر پڑھائی جائے۔ ڈاکٹر ضیاء الرحمن ضیاء نے ادارہ ادب اسلامی ہند کا باضابطہ تعارف پیش کیا اور اس مقاصد پر روشنی ڈالی۔
اس کے بعد مشاعرے کا انعقاد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی شاعر ضیاء الرحمن مدنی نے کلام سنایا، جبکہ مقامی شعراء میں ڈاکٹر سالک اعظم، رضی احمد تنہا، رہبان علی راکیش، شمس الہدی معصوم، مسیح الدین شازی، دین رضا اختر، حسین احمد ہمدم، عبد الباری زخمی اور عبد الغنی نے بھی اپنے کلام پیش کئے۔ المنار ایجوکئیر کے ڈائریکٹر عفان احمد کامل کے مہمانوں اظہار تشکر کیا۔