ریاست بہار کے ارریہ شہر کے آزاد اکیڈمی ہائی اسکول احاطہ میں طلباء کے مابین اول رمضان سے دس رمضان تک منعقدہ رمضان کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
اس کیمپ میں تقریباً 200 طلبا و طالبات نے شرکت کی جہاں طلبا نے قرآن، احادیث اور روزمرہ کی دعائیں سمیت دیگر اسلامی معلومات حاصل کیں۔
تقریب کی صدارت امارت شرعیہ کے قاضی مفتی محمد عتیق اللہ رحمانی نے کہا کہ قرآن پاک اس دنیا کی سب سے افضل ترین اور مقدس کتاب ہے اور اس کو سمجھنا پڑھنا فرض کا درجہ رکھتا ہے۔
انہوں نے پروگرام کے کنوینر الحاج ارشد انور الف کو مبارکباد دی کہ انہوں نے طلبا و طالبات کے لئے رمضان المبارک کے وقت کو غنیمت جانا اور اس طرح کا کیمپ کا اہتمام کر انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کرایا۔
قاری نیاز احمد قاسمی نے کہا کہ آج کے دور میں ضرورت ہے کہ اس طرح کے عصری درسگاہوں میں بھی کچھ وقت دینی تعلیم کے لئے وقت نکالا جائے تاکہ بروقت انہیں عصری تعلیم کے ساتھ دین کی بنیادی تعلیم سے بھی واقفیت حاصل ہو۔
انعامی مقابلہ سے خطاب کرنے والوں میں مفتی حسین احمد ہمدم ،مولانا علامہ غزالی، مفتی انتخاب عالم، مفتی تنزیل الرحمن، حافظ منیب اختر، سینئر صحافی پرویز عالم اور عبد الغنی کے نام قابل ذکر ہیں۔
کوئز کے تحریری مقابلہ میں کل 25 طالبات نے شرکت کی جس میں سیما غزالہ اول، صوفیہ پروین، غفرانہ پروین مشترکہ طور پر دوم اور ثنا و سومی پروین مشترکہ طور پر سوم پوزیشن سے کامیاب ہوئی۔ طلبا کے تحریری امتحان میں کل 18 طلبا شریک ہوئے جس میں ابو سالم اول، ضیاء الرحمن دوم اور عامر حسین و عبد الباری مشترکہ طور پر سوم پوزیشن لانے میں کامیاب ہوئے۔
اسی طرح تقریری مسابقہ طالبات میں گلناز پروین اول، خوشی پروین و شفق پروین دوم اور صوفیہ پروین سوم پوزیشن سے کامیاب ہوئی اور تقریری مقابلہ میں لڑکوں کے گروپ سے عامر حسین اول، ابو سالم دوم اور یاسر احمد سوم پوزیشن سے کامیاب ہوئے۔ کامیاب طلبا و طالبات کو نقد روپئے، کتاب اور قلم وغیرہ سے نوازا گیا۔