پولس 11 کی کپتانی ضلع ایس پی کمار آشش نے کی جبکہ پبلک 11 کی کپتانی کوچادھامن حلقہ کے رکن اسمبلی ماسٹر مجاہد عالم نے کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا، آخر میں جیت پولس 11 کی ہوئی۔
مقابلہ کے بعد اپنی تقریر میں ایس پی کمار آشش نے کہا کہ پولس اور عوام کے مابین گہرا رشتہ ہوتا ہے پولس ہمیشہ عوام کی مدد کے لیے ہوتی ہے، پولس کا کام ہی ہے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا، امن و امان کا ماحول بنائے رکھنا اور آپسی بھائی چارے کو مضبوطی دینا۔
کمار آشش نے مزید کہا کہ عوام کو پولس سے ڈرنا گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ انہیں اپنا ہمدرد سمجھ کر اپنی پریشانی سے انھیں آگاہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے آگے کہا کہ سماج دشمن عناصر کہیں باہر سے نہیں آتے بلکہ سماج میں عام لوگوں کے درمیان میں ہی ہوتے ہیں۔
ایسے لوگوں کو عوام جانتے ہیں، پہچانتے ہیں، لیکن پولس کو بتانے سے ڈرتے گھبراتے ہیں اور جب وہی شخص کسی کی جان لے لیتا ہے، کہیں ڈاکہ ڈالتا ہے تب ہم افسوس کرتے ہیں جبکہ ہونا یہ چاہیے کہ ایسے لوگوں کی پہچان چھپانے کے بجائے انہیں پولس کے حوالے کردینا چاہئیے تاکہ معاشرہ محفوظ رہے۔