اڑان بھرنے کے لئے طیارے نے جدہ ہوائی اڈے کے طیران گاہ کاچکر ضرورلگایا لیکن اڑنے سے قبل ہی انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی جسکی وجہ سے اڑان نہیں بھرسکا ۔
مرکزی حج کمیٹی اور مرکزی حکومت کی جانب سے وہاں حاجیوں کی پریشانیوں کا کوئی سننے والا نہیں تھا چوبیس گھنٹے حجاج کرام نے جدہ ہوائی اڈے پر بغیر طعام و قیام کے وقت گزارا ہے ۔
اس دوران حجاج کرام نے احتجاج بھی کیا اور دھرنے پر بھی بیٹھے رہے ، ایئر انڈیا نے طیارے سے حاجیوں کواتروانے کے لئے پولیس کا بھی سہارا لیا ۔
حاجی منگل کی شام کو گیاہوائی اڈے پر پہنچے۔ حجاج کرام نے بتایا کہ 18 اگست کی رات میں ہی انہیں جدہ ایئر پورٹ پہنچا دیا گیا تھا لیکن یہاں لانے کے بعد بتایا گیا کہ انکی فلائٹ دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگی ۔
کافی تاخیر ہونے کے بعد 19 اگست کی صبح حاجیوں کو ٹرمینل کے اندر بھیج کر بورڈنگ کرادی گئی تھی۔ اس دوران حاجیوں نے جب وجہ پوچھی تو ایر انڈیا کے نمائندے نے ان کے ساتھ بد تمیزی کی ۔
حاجی ڈاکٹر رضی الرحمن نے بتایا کہ 19 اگست کی شام دو مرتبہ طیارہ پر بیٹھا کر اتار دیا گیا طیارہ طیران گاہ پر پرواز کے لئے دوڑا لیکن اسکا انجن میں خرابی کے سبب اڑان نہیں بھر سکا۔
جسکے بعد طیارہ دوبارہ سے طیران گاہ پر کھڑا ہوگیا اور ان لوگوں کو اترنے کوکہاگیا ، حاجیوں نے جب طیارہ سے اترنے سے انکار کیاتو ایئرانڈیا نے فورس کوبلواکر طیارہ انہیں سے اتروایا ۔
حاجیوں نے ایئرانڈیا سے مطالبہ کیا کہ جب طیارہ خراب ہوگیا ہے تو دوسراطیارہ دستیاب کرایا جائے ، حاجی رضی کے مطابق جب ایئرانڈیا اور حکومت کے نمائندوں کی جانب سے تشفی بخش جواب نہیں ملا تو حجاج کرام جدہ ائیرپورٹ پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے ۔
انہوں نے بتایاکہ سعودی حکومت کے افسران کی مداخلت کے بعد منگل کی صبح کو ان لوگوں کا طیارہ پرواز کرسکا ۔حاجی انیس الحق نے بتایا کہ دوبار طیارہ پر بیٹھا کر اتارنے کے بعد ہوٹل میں ٹھہرانے کے لئے لے جایا گیا اور جوں ہی حاجی ہوٹل پہنچے پھر سے حاجیوں کو ہوائی اڈے پر بلا لیا گیا ۔
حاجی بھوکے پیاسے ہوائی اڈے پر دوڑتے رہے۔ انکے مطابق ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے خادم الحجاج بھی اس دوران نظر نہیں آئے ۔
حاجی محمد صلاح الدین کے مطابق ایئرانڈیا نے غلط بیانی سے کام لیتی رہی ۔حاجیوں کو پہلے تاخیر کی وجہ بتائی گئی کہ انڈیا میں طوفان اور زبردست بارش ہوئی ہے جسکی وجہ سے انکی پرواز میں تاخیر ہوئی ہے ۔خیال رہے کہ 19 اگست کو طیارے کی تاخیر کی وجہ ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین الیاس حسین نے بتایاتھا کہ حاجیوں کا سامان پہنچانے میں تاخیر کی وجہ سے طیارہ کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی ہے جبکہ حاجیوں کاکہناتھا کہ وہ وقت پر جدہ ہوائی اڈے پر پہنچ چکے تھے اور ان کا سامان بھی آگیا تھا۔