گیا: ریاست بہار کے گیا میونسپل کارپوریشن کے نومنتخب عوامی نمائندوں نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا تاہم اس دوران ان بڑے لیڈروں کی یاد تازہ ہوگئی جب وہ حلف اٹھانے کے دوران الفاظ کی صحیح ادائیگی نہیں کرپائے تھے۔ آج کلکٹریٹ میں کچھ ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا جب ڈپٹی میئر چنتادیوی حلف لے رہی تھیں۔ پہلے تو حلف دلارہے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن نے انہیں دیکھ کر پڑھنے کو کہا۔ انہوں نے حلف دلاتے ہوئے کہا "میں" تو ڈپٹی میئر چنتادیوی نے بھی کہا کہ میں لیکن اتنا کہہ کر وہ خاموش ہوگئیں۔ ڈی ایم نے ان کے چہرے سے جھلک رہی دشواری کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر کہاکہ جو میں بولوں وہ آپ دہرائیں لیکن اس کے باوجود الفاظ کی ادائیگی میں ڈپٹی میئر لڑ کھڑا تی رہیں۔ ایک لفظ کو بولنے میں کئی بار دہرانے پر بھی وہ صحیح تلفظ ادا نہیں کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:Swearing In Ceremony Held بلدیاتی حلقوں کے نو منتخب نمائندوں کی حلف برداری
حالانکہ اس دوران ان کے پاس بیٹھے میئر گنیش پاسوان انہیں حلف کے الفاظ بتاتے رہے۔ تمام پریشانیوں کے درمیان کسی طرح ڈپٹی میئر نے حلف مکمل کیا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی میئر چنتادیوی ایک مزدور خاتون ہیں۔ وہ تیس برسوں تک میونسپل کارپوریشن میں صفائی اہلکار کے طور پر بحال تھیں۔ ریٹائر ہونے کے بعد وہ سبزی فروخت کرتی تھیں۔ ان کی کہانی جدوجہد سے عبارت ہے۔ چنتادیوی پہلے ہی اعتراف کرچکی ہیں کہ وہ پڑھی لکھی نہیں ہیں۔ کسی طرح وہ ہندی میں دستخط کر لیتی ہیں۔