مگدھ یونیورسٹی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں ایک اندازے کے مطابق 719 کروڑ 18 لاکھ 20 ہزار 657 روپے کے خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا۔
یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق سینیٹ کی منظوری کے بعد محکمہ تعلیم بہار حکومت کو یہ بجٹ منظوری کے لئے بھیجا جانا ہے۔
یونیورسٹی کیمپس سمیت گرانٹیڈ کالجز اور ایک اقلیتی کالج سمیت وابستہ کالجوں سے موصولہ تجویز کے مطابق باقاعدہ طور پر مقرر اور کام کرنے والے ملازمین کے لئے بجٹ میں فراہمی کی گئی ہے۔
سینیٹ کا اجلاس یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر راجندر پرساد کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ رجسٹرار وجے کمار نے تجویز پیش کی۔
وائس چانسلر پروفیسر راجندر پرساد نے یونیورسٹی کے بجٹ 22 ۔ 2021 پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 'یونیورسٹی کو رجسٹریشن فیس، ڈگری، امتحان فیس، ووکیشنل کورسز وغیرہ فیس اور دیگر ذرائع سے 154 کروڑ 82 لاکھ 75 ہزار 999 روپے کی آمدنی کی امید ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ، یونیورسٹی کیمپس اور ملحقہ کالجوں کے اساتذہ اور غیر تدریسی اساتذہ کے مختلف بقایہ ادائیگی کے مد میں 874 کروڑ 96 ہزار 656 روپے ہے۔'
اس دوران وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی تعمیراتی و تعلیمی کاموں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کورونا وبا کے دوران یونیورسٹی کے سبھی اسٹاف نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔