سرینگر: مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے الزام میں ایک سینئر بیوروکریٹ کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ذریعہ جانچے گئے ایک سرکاری حکم میں دکھایا گیا ہے کہ 2010 بیچ کے آئی اے ایس افسر کمار راجیو رنجن، جو سابق ڈپٹی کمشنر کپواڑہ کے طور پر تعینات تھے، کے خلاف بدعنوانی کے معاملے میں مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔
جمعہ کو وزارت عملہ، عوامی شکایات اور پنشن نے ملک کے ڈپٹی سالیسٹر جنرل وشال شرما کو مطلع کیا کہ اس نے سن 2018 میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعہ درج کیے گئے کیس میں رنجن کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
ایک سابقہ میل کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمار کے خلاف بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ 2006 کے سیکشن چھ کے تحت کیس کو منظوری دینے کا حکم 28 نومبر 2024 کو کلیئر کر دیا گیا۔
بیوروکریٹ کے خلاف جن دفعات کے تحت مبینہ جرائم میں مقدمہ چلانے کو منظوری دی گئی ہے ان میں سیکشن 5 (2) پی سی ایکٹ، 2006 شامل ہے، جو ان سرکاری ملازمین کے لیے ہے جو مجرمانہ بدانتظامی کا کوئی جرم سرزد کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس میں بدعنوانی یا غیر قانونی طریقے شامل ہیں جیسے کسی سرکاری ملازم کا عہدے کا غلط استعمال کرکے اپنے یا کسی دوسرے کے لیے کوئی قیمتی چیز یا مالی فائدہ حاصل کرنا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں میں سینکڑوں جعلی گَن لائسنس ضبط - Fake Gun License
تحقیقات کے دوران سی بی آئی نے 2020 میں ملزم عترت کے ساتھ رنجن کو گرفتار کیا جب ان کا نام 2012 سے 2016 کے درمیان ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی حیثیت سے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے مبینہ گھوٹالے میں سامنے آیا۔
پریمیئر ایجنسی نے انکشاف کیا کہ جموں و کشمیر کے آٹھ اضلاع میں ضلع مجسٹریٹس کی جانب سے دو لاکھ سے زیادہ لائسنس دھوکہ دہی سے جاری کیے گئے تھے جن میں سے 95 فیصد ملک کے مختلف حصوں میں خدمات انجام دینے والے لوگوں کو 'مالی فائدے کے بدلے' جاری کیے گئے جو نہ تو سابقہ ریاست اور متعلقہ اضلاع میں تعینات تھے اور نہ ہی وہاں کے رہائشی تھے۔
ان آٹھ اضلاع میں کپواڑہ، بارہمولہ، شوپیاں اور پلوامہ، ادھم پور، کشتواڑ، راجوری اور ڈوڈہ شامل ہیں اور وہاں تعینات آٹھ ضلع مجسٹریٹ بھی اس معاملے میں زیر تفتیش ہیں۔
مزید پڑھیں: گَن لائسنس گھوٹالہ میں نرم رویہ پر ہائی کورٹ نے کیا برہمی کا اظہار
اس کیس کا پتہ چلا جب راجستھان کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کو 2017 میں راجستھان میں کچھ مجرموں اور راجستھان اور جموں و کشمیر میں اسلحہ ڈیلروں کے درمیان مبینہ ساز باز کا پتہ چلا۔
سی بی آئی نے جموں و کشمیر حکومت کی منظوری اور 2018 میں مرکزی حکومت سے مزید نوٹیفکیشن ملنے کے بعد یہ مقدمہ درج کیا۔ اس وقت کے گورنر این این ووہرا کے ذریعہ سی بی آئی کو کیس حوالے کرنے کی اجازت دینے سے قبل جموں و کشمیر پولیس اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بندوق لائسنس گھوٹالہ: سی بی آئی نے 40 مقامات پر چھاپے مارے