شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کا خواب تھا کہ ملک عزیز میں مسلمانوں کی ایک ایسی تنظیم ہو جو ہر موڑ پر ملت کی رہنمائی کرے، اسی نہج سے جمعیۃ علماء ہند کا قیام عمل میں آیا تھا۔ یہ باتیں جمعیۃ علماء ہند (ارشد مدنی) کے قومی جنرل سکریٹری مولانا مفتی سید معصوم ثاقب قاسمی نے ارریہ شہر کے زیرو مائل منور نگر واقع مدرسہ دارالعلوم رحمانی کے احاطہ میں جمعیۃ علماء ارریہ کی جانب سے منعقد یک روزہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
اجلاس کی صدارت دارالعلوم رحمانی کے شیخ الحدیث مولانا مفتی علیم الدین قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض قاری نیاز احمد قاسمی نے انجام دیے۔ مولانا معصوم ثاقب قاسمی نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں جمعیۃ علماء ہند کے ممبران کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔
تمام ریاستوں میں صوبائی و علاقائی بے شمار شاخیں ہیں، مگر ممبران کی تعداد ناکافی ہے، جہاں ہماری تعداد پچیس کروڑ سے زائد ہے وہاں ہمارے ممبر صرف ایک کروڑ کم ہے، لہذا ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس تنظیم سے جوڑنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مزید مضبوط بن سکیں۔
جمعیۃ کے قومی صدر حضرت مولانا ارشد مدنی کا یہ پیغام ارریہ والوں کے لیے ہے، اسے آپ ذہن نشیں کر لیں کہ علماء کرام مسلکی اختلاف کو چھوڑ کر آپس میں متحد ہوں اور اسلام، شعائر اسلام و مسلمانوں کے معاثر و معابد کی صیانت اور حفاظت ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے۔ جمعیۃ کا مقصد تمام مسالک کے لوگوں کو ایک ساتھ لیکر رہنمائی کرنا ہے۔
مولانا مفتی علیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ مظلوموں کی آواز پر لبیک کہنے والی تنظیم ہے، آج بے شمار بے قصور مسلمانوں کی جیل سے رہائی ہو رہی ہے تو اس وجہ سے کہ حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب اس معاملے پر باریک نگاہ بنائے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: حیدرآباد میں مسلم میتوں کےلے موبائیل غسل وین کا آغاز
مفتی انعام الباری قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ ہمارے بزرگوں کی نشانی ہے، اس شانہ بشانہ کھڑے رہنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، جمعیت کے ضلع جنرل سکریٹری مفتی نسیم الدین قاسمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، موقع پر مولانا عبد الوارث مظاہری، مفتی غفران قاسمی، مولانا شمس الزماں، مولانا سلمان کواڑی، مولانا اکمل، مولانا شہاب الدین، مولانا آفاق صدیقی بھی موجود تھے۔