گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں عیدالاضحی کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوگئی ہے عیدالاضحیٰ کو پر امن ماحول میں اختتام کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ بھی پوری طرح تیار ہے ہیڈ کوارٹر سے لے کر سب ڈیویژنل سطح تک اور بلاک دفاتر سمیت تھانوں میں امن کمیٹی کی نشست منعقد کرکے پر امن ماحول میں عید قرباں کو اختتام کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
آج سنیچر کو محبت ہم آہنگی اور پر امن ماحول میں 29 جون، 2023 کو عید الضحیٰ کو منانے کے مقصد کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم کی صدارت میں ضلع امن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس کلکٹریٹ ہال میں منعقد کیا گیا جس میں ضلع افسر گیا اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیا نے امن کمیٹی کے ممبران سے درخواست کی کہ وہ لوگوں کو باہمی بھائی چارے اور خوشگوار ماحول میں تہوار منانے کی ترغیب دیں جبکہ تمام ممبران ضلع میں بقرعید کی نماز کے دوران اپنے علاقوں میں ہی موجود رہیں۔ ضلع کے باشندوں کو عید الاضحی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ایم اور ایس ایس پی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس تہوار کو جوش و خروش اور اپنی روایتوں کے مطابق منائیں تاہم پرامن طریقے سے منانے کا خیال رکھیں۔
ڈی ایم نے کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین کی ذمہ داری بہت بڑھ گئی ہے جو اپنے علاقے کے لوگوں کو آگاہ کرتے رہیں کہ بقرعید کا تہوار خوش اسلوبی سے منایا جائے۔میٹنگ میں ڈی ایم اور ایس ایس پی نے ضلع کے باشندوں اور امن کمیٹی کے اراکین سے درخواست کی کہ سوشل میڈیا پر اگر کوئی شخص افواہ پھیلانے والے پیغام کو بھیجے جس سے لڑائی جھگڑا اور فساد برپا ہونے کا خدشہ ہو۔ اس پیغام کی مکمل تردید کریں اور افواہ کن میسیج بھیجنے یا فارورڈ کرنے والوں اور اس گروپ اور اُس کے ایڈمن کے تعلق سے فوری طور پر مقامی تھانہ یااعلی افسران کو اسکی اطلاع دیں۔
انہوں نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور افواہیں پھیلانے والے سماج دشمن عناصر کے بارے میں قریبی پولیس تھانوں یا ضلع انتظامیہ کو مطلع کریں۔سائبر فائٹرز اور سائبر سیل سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض پوسٹ کو نشان زد کرتے ہوئے نامزد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے بتایا گیا کہ ضلع سطح، سب ڈویژن سطح اور بلاک سطح پر مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف تیز رفتاری سے کارروائی کی جائے گی۔ سب ڈویژنل آفیسر اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ وہ حساس مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے خصوصی نظر رکھیں۔ کسی بھی واقعے کی صورت میں وہ خود بھی وقت ضائع کیے بغیر جائے وقوعہ پر روانہ ہوں گے اور فوری طور پر اعلیٰ افسران کو اطلاع دیں گے۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر گیا میونسپل کارپوریشن اور تمام ایگزیکٹیو افسران، میونسپل کونسل پنچایت کو ہدایت دی گئی کہ وہ بقرعید کے تہوار کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں میں پینے کے پانی کا مناسب انتظام رکھیں اور صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سب ڈویژنل پولیس افسران اورتھانہ انچارج کو تمام حساس مقامات پر لازمی طور پر فلیگ مارچ کرنے اور سابقہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سی سی اے کے تحت ضلع بدر کی پہلے سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایس ایس پی نے کہا کہ امن و امان کو خراب کرنے اور باہمی ہم آہنگی کو خراب کرنے والے سماج دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:Patna Opposition Meeting محبوبہ مفتی نے نالندہ میں یوسف شاہ کے مقبرے پر چادر چڑھائی
تمام نشان زد کی گئی جگہوں پر مناسب سی سی ٹی وی کیمرے، ویڈیو گرافی اور ڈرون کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ انتظامیہ ہر سرگرمی پر نظر رکھ سکے انہوں نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے والوں کے تعلق سے کہاکہ پولیس کی ایک سائبر ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے جو ابھی سے سوشل میڈیا پر نظر رکھے گی کسی بھی حالت میں شرارتی لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا ضلع کے باشندے پرامن ماحول میں بقرعید منائیں ضلع پولیس انکی حفاظت کے لیے کھڑی ہے۔