بہار کے ضلع گیا میں واقع نظامیہ یونانی میڈیکل کالج و ہسپتال منیجمنٹ کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی ہے کمیٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حامد حسین نے بتایا کہ سابق کمیٹی کو گزشتہ 27 مئی کو برخاست کردیا گیا تھا۔ سابق کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد عباس اور سید صفدر نبی کو نئی کمیٹی میں جگہ نہیں دی گئی ہے، تشکیل نو کمیٹی میں ضلع اور ریاست کے معروف ماہرین تعلیم کو جگہ دی گئی ہے۔
حاجی ابو اریبہ عرف شبو کو کمیٹی کا سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ سیف الرحمن کو نائب صدر اور تقی الرب کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے، جب کہ کمیٹی میں ڈاکٹر راغب احسن ، محمد اسلام ، مطیع الرحمان ، حسیب الرحمن ، قاضی اقبال ، پروفیسر عبد الواحد ندوی ، سیدمصیح الدین ، سید فیض امین ، ڈاکٹر تبسم اور عطا احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کمیٹی کالج وہسپتال کی ترقی اور اس کی وسعت کے لئے کام کرے گی۔ کالج کے حق میں جو بھی مناسب فیصلہ ہوگا وہ کیا جائے گا جبکہ نئے سیکریٹری ابو اریبہ نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیں گے ۔تاکہ کالج و ہسپتال ترقی کی راہ پر گامزن ہو کالج کو آپسی انتشار سے دور رکھا جائے گا تاکہ اس کی ترقی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
واضح رہے کہ نظامیہ یونانی میڈیکل کالج ہسپتال ضلع ہی نہیں بلکہ مگدھ کمشنری کا واحد اقلیتی میڈیکل کالج ہے نظامیہ کالج کو سنہ 1985 میں امارت شرعیہ بہار جھارکھنڈ کے سابق امیر شریعت مولانا سید نظام الدین علیہ الرحمہ نے ذاتی طور پر قائم کیا تھا، بعد میں انہوں نے اس ادارے کو سوسائٹی بناکر اس سے ملحق کردیا۔ نظامیہ یونانی میڈیکل کالج اپنی معیاری تعلیم کے لیے معروف تھا، تاہم گزشتہ کچھ برسوں سے یہاں کا نظام خستہ حال ہوچکا تھا ، لیکن اب پھر سے اس کالج کو اسی بلندی تک لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے لئے خود سابق امیر شریعت کے صاحبزادہ سید حامد حسین نے باگ ڈور سنبھالا ہے۔
مزید پڑھیں:Haj Woman Suffered Hemorrhage گیا میں عازمہ حج کو برین ہیمرج، حالت نازک