ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے آج ایک بار پھر ریاست کے لوگوں کو کوروناوایرس سے بچاؤ اور راحت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اس وائرس کے انفیکشن سے نمٹنے کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے، لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
نتیش کمار نے ایک ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کورونا انفیکشن کی موجودہ حالت کے منظرنامہ میں ماہرین ڈاکٹرز کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ کوروناوائرس کے انفیکشن سے نمٹنے کے لیے حکومت ہر ضروری اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہم سب بھروسہ رکھیں، مجھے پورا اعتماد ہے کہ سب کے تعاون سے ہم لوگ اس بحران سے بہت جلد نکل آئیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوروناوائرس کی معلومات ملتے ہی حکومت نے ضروری کارروائی شروع کردی تھی۔
اس وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کو اختیار کیا گیا، اس برس 13مارچ سے ہی کورونا انفیکشن سے بچاؤ کے لیے حکومت کی سطح پر احتیاطی اقدامات کیے جانے لگے۔
بہار کے دیہی علاقوں کو چھوڑ کر ریاست کے باقی علاقوں کے ضلع ہیڈکوارٹر سے لیکر سب ڈویزن ہیڈکوارٹر تک لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا، اس کے دو دن بعد مرکزی حکومت نے پورے ملک میں تمام مقامات پر 21 دن کے لاک ڈاون کا اعلان کیا۔