ریاست بہار کے ضلع گیا کے سب سے بڑے ہسپتال انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج وہسپتال سے گزشتہ جمعہ کو چوری ہوا نومولود بچہ کو پولیس نے صحیح سلامت رات گیارہ بجے برآمد کرلیا ۔ بچے کوخریدنے والی خاتون خود بچے کو لے کر میڈیکل تھانہ پہنچی اور پولیس کوسپرد کیا۔'
پولیس نے بچہ خریدنے والی خاتون کی پہچان کو پوشیدہ رکھا ہے۔
دراصل جمعہ کو گرارو کی سونی کماری کے نومولود بچے کی چوری ہوئی تھی، لواحقین ہسپتال میں رہ کر بضد تھے کہ جب تک بچے کی برآمدگی نہیں ہوگی وہ ہسپتال سے نہیں جائیں گے۔
تھانہ انچارج فہیم احمدخان کے مطابق 'بدھ کو بچہ چوری کرنے والی خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا، تین بچے کا سودا ہوا تھا جس میں پہلے بچے کو دینے پر چوری کرنے والی خاتون کو پہلی قسط کے طور پر پچیس ہزار روپے ملا تھا باقی پچپن ہزار بعد میں دینے کی بات تھی، بچہ خریدنے والی خاتون کو کوئی اولاد نہیں ہے، فروخت کرنے والی خاتون نے اپنا بچہ بتا کر فروخت کیا تھا۔'
سونی کو پہلے سے ایک بیٹی ہے اور بیٹے کی ولادت کے بعد اس نے نسبندی کرا لیا تھا۔ بچے کی برآمدگی کے بعد میڈیکل تھانہ انچارج فہیم احمد خان کی محنت اور ان کے جانچ کے طریقوں کی خوب ستائش عوامی سطح پر ہورہی ہے۔ بچے کے والدین نے بھی تھانہ انچارج کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال ہو کہ اس سے قبل بھی یہاں سے بچے کی چوری ہوئی ہے لیکن برآمدگی نہیں ہو سکی تھی ایسے میں نومولود بچے کی برآمدگی کا کریڈٹ موجودہ تھانہ انچارج فہیم احمد خان اور ان کی ٹیم کو دیا جا رہا ہے۔