گیا: ریاست بہار ضلع کے گیا میں عازمین حج کے استقبال کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گیا ہوائی اڈے کے قریب عازمین کی پرواز سے قبل ان کے آرام کے لیے کیمپ بنایا جارہا ہے۔ گیا ضلع کے مشہور اکرام ٹینٹ ہاؤس کو اس مرتبہ بھی ٹینڈر ملا ہے۔ تقریباً 12 ہزار اسکوائر فٹ پر وسیع پنڈال بنے گا جس میں مرد و خواتین کے لیے الگ الگ انتظامات ہوں گے۔
260 بیڈ لگیں گے جس پر عازمین پٹنہ سے آنے پر یہاں کچھ گھنٹے آرام کریں گے اور اس کے بعد پھر وہ پرواز سے قبل کے قانونی اور کاغذی مراحل سے گزریں گے۔ پنڈال میں نماز گاہ بھی ہوگی جہاں پر کچھ وقت عازمین عبادت میں وقت گزار سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پورے پنڈال میں گرمی کے پیش نظر 20 سے 25 بڑے کولر لگائے جائیں گے۔
پنڈال کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمرے سے ہوگی۔ اس کے علاوہ پنڈال سے متصل علاقے میں انکوائری، کنٹرول روم، پولیس کنٹرول سینٹر، عارضی ہیلتھ سینٹر اور دیگر کئی سینٹر کے بھی اسٹال کے لیے پنڈال لگے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مرتبہ عازمین حج کو ٹھہرانے کے لئے 12 ہزار اسکوائر فٹ پرجو پنڈال بن رہاہے۔ وہ جرمن پنڈال ہے ، پہلے یہاں جرمن پنڈال نہیں لگتا تھا پہلے بانس بلی پر پنڈال بنانے کا عمل ہوتا تھا۔
اکرام ٹینٹ ہاوس کے مالک نے بتایا کہ سات جون سے پرواز ہے۔ وہ یکم جون تک سارے کام مکمل کر لیں گے۔ ان کی تیاری پہلے سے تھی تاہم پرواز شیڈول تبدیل ہونے کی وجہ سے کام کی رفتار کو انہوں نے روک دیا۔ حالانکہ 16 مئی کو ان کا سارا سامان ایئرپورٹ پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم اسی دوران اکیس مئی کا شیڈول منسوخ ہونے کی وجہ سے انہوں نے کام کو آہستہ کرنا شروع کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Haj 2023 عازمین حج کی فلائٹ کے شیڈول میں دو دنوں میں تین بار تبدیلی
نوڈل افسر جتیندر کمار نے پنڈال کے ساتھ محکمہ پی ایچ ڈی کے ذریعے کئے گئے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ پی ایچ ڈی کی طرف سے بیت الخلا، پانی اور دیگر انتظامات کیے جاتے ہیں جو پورے ہو چکے ہیں۔ صاف ستھرائی کا ذمہ بودھ گیا نگر پریشد کی ہے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کی طرف سے جو کام ہوتے ہیں، وہ سارے کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کو بہتر سے بہتر سہولت دی جائے گی۔ گیا ہوائی اڈہ سے سات جون سے بائیس جون تک 3500 عازمین کی پرواز ہوگی۔