ریاست بہار کے سمستی پور میں بدھ کے روز ریاستی کانگریس کی جانب سے منعقدہ ورچوئل ریلی 'بہار کرانتی مہا سمّیلن' سے بہار کے انچارج شکتی سنگھ گوہل نے خطاب کیا۔
بہار کرانتی مہا سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے گوہل نے کہا کہ بہار میں انتخابات آتے ہی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے انتخابی پیکیج کا اعلان شروع کردیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ پیکیج سے بہار کو کچھ بھی نہیں ملا۔
شکتی سنگھ گوہل نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں ممبئی میں اطلاعات کا حق (آر ٹی آئی) کے تحت مانگی جانے والی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم کے گزشتہ انتخابی اعلان کے 1.25 لاکھ کروڑ کے پیکیج میں بہار کو ایک روپے بھی نہیں ملا۔
گوہل نے کہا کہ بہار تبدیلی کی سرزمین ہے اور بہار کے عوام نے تبدیلی کا ذہن بنا لیا ہے اور اس بار وہ ووٹنگ کی طاقت سے سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔
نومنتخب جنرل سکریٹری اور کیرالہ انچارج طارق انور نے کہا کہ بہار میں 15 برس میں بہت کچھ ہوسکتا تھا، لیکن جب جائزہ لیا گیا تو حقیقت کچھ اور ہی نکلی۔
انہوں نے کہا کہ گنگا جمنی تہذیب میں بہار نے پرورش پائی ہے، اسی وجہ سے بہار پولرائزیشن کی سیاست سے انکار کرتا رہا ہے۔
خواتین کانگریس کی قومی صدر سشمیتا دیب نے کہا کہ جیویکا دیدی، آنگن واڑی کارکنوں اور آشا کارکنوں نے بہار کے کورونا وائرس کے دور میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجی بھائیوں کی طرح کام کیا، جس صلہ انہیں یہ ملا یہ بہار حکومت نے ان کی تنخواہیں رول دیں، اور انہیں پریشان کیا۔