گیا: ریاست بہار میں آج سے 'ذات پر مبنی مردم شماری' کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں گیا ضلع کے مسلم قائدین اور دانشوروں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مردم شماری میں پوری مستعدی کے ساتھ گنتی کرائیں، خاص طور پر ان مسلمانوں سے خصوصی اپیل کی گئی ہے جو ملازمت یا تجارت کے لیے دوسری ریاستوں میں ہیں۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آبائی گھر آکر گنتی لازماً کرائیں۔ سماجی رکن مولانا وسیم احمد نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے بہار حکومت کی ستائش کی اور کہاکہ متعدد امور کے لحاظ سے ہم سب کے لئے یہ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا ہمیں انتہائی محتاط و ہوشیار رہ کر ذات پر مبنی مردم شماری کے عمل کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔
ذات پر مبنی مردم شماری کے تعلق سے بیداری کے لیے گزشتہ کل جمعہ کو مساجد سے بھی پہل ہوچکی ہے ائمہ نے مسلمانوں سے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے کئی وارڈوں میں نوجوانوں کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مردم شماری کے لیے آنے والے سرکاری اہلکاروں کی مدد کریں گے، سرکاری اہلکاروں کو ہر گھر تک یہ ٹیم پہنچائے گی اور ہرفرد کی جانکاری حاصل کرنے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی پہل انہوں نے اپنے وارڈ نمبر 6 میں جس میں مسلم اکثریتی پسماندہ محلہ اقبال نگر اور وارث نگر بھی شامل ہیں وہاں پر ہر گھر تک خبر پہنچائی گئی ہے کہ وہ ذات کی بنیاد پر ہورہی گنتی میں موجود رہ کر پوری تفصیل اہلکاروں کو دستیاب کرائیں، ساتھ ہی جو یہیں گیا ضلع کے رہنے والے ہیں تاہم وہ برسوں سے کرایہ کے مکانات میں رہتے ہیں ان کی بھی فہرست ہے جس کی روشنی میں گنتی کرنے آنے والے اہلکاروں کو ان تک پہنچایا جائے گا۔ Awareness campaign to join caste based Census in Gaya
یہ بھی پڑھیں: Caste-based Census in Bihar بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری شروع
مولانا عظمت اللہ ندوی نے کہا کہ بیداری اور مستعد رہنے کی ضرورت اسلیے ہے کہ مسلمانوں کا وہ طبقہ جو یومیہ مزدوری کرتا ہے یا نجی ملازمتوں میں ہے یا پھر مسلمانوں کے پچھڑے محلوں میں اس طرح کے کاموں میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں اسکو لیکر افواہ بھی ان تک پہنچ جاتی ہے ، صحیح تفصیل اہلکاروں تک نہیں پہنچ پاتی ہے ، ہماری تعداد یعنی کہ مسلمانوں کی تعداد واضح ہونی چاہیے، جبکہ انصاری مہاپنچایت کے کنوینر وسیم نیئر انصاری نے تمام باشندوں سے گزارش کی کہ وہ آج سے شروع ہوئی گنتی کے دوران محتاط رہ کر اپنی موجودگی میں عمل کو مکمل کرکے رسید حاصل کریں اور ذات والے کالم میں اپنی ذات یعنی جس ذات سے تعلق رکھتے ہیں وہی لکھوائیں نیز مذہب کے کالم میں اسلام ہی لکھوائیں اس سلسلے میں کسی کے بہکاوے یا سمجھانے پر اعتبار کرنا غلط اور نقصان دہ ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت بہار کے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پوری ریاست میں ذات پر مبنی مردم شماری دو مرحلے میں مکمل ہوگی پہلے مرحلے کے تحت 7جنوری سے 21جنوری تک کاروائی ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے کی کاروائی مارچ سے اپریل تک ہوگی۔ Awareness campaign to join caste based Census in Gaya