پٹنہ: بہار کے دارالحکومت پٹنہ میںمسلم ڈاکٹرز ایسوسی ایشن آف بہار کے 14 یوم تاسیس کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔بہار سمیت بھارت کے مشہور ڈاکٹرز نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اے ایم ڈی کے صدر ڈاکٹر احمدعبدالحیی نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس بہار نے اپنے قیام کے 14 برسوں میں ملک و ملت کی قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں.تاہم اپنے اہداف سے ہم ابھی بہت دور ہیں جن کے لئے ہم کوشاں ہیں۔اگر ہمارے ساتھیوں نے عزم مصمم کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھیں تو ان شاء اللہ ہم کامران ہوں گے۔
معروف سرجن رانچی ڈاکٹر عبدالمجید عالم نے توجہ دلائی کہ ملت کے درمیان ڈاکٹروں کی بڑی کمی ہے۔ لہٰذا اگر میڈیکل کے شعبے میں بچوں بچیوں کی رہنمائی کی جائے تو یہ ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔ لہٰذا‘ایسو سی ایشن کے ارکان نے سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں ملت کی بیٹیوں کے لئے بہت ہی معمولی فیس پر میڈیکل کی کوچنگ برائے نیٹ شروع کی گئی۔اس دوران یہ بات بھی زیر غور آئی کہ نیٹ کی تیاری میں فزکس مضمون کی خصوصی تیاری نہایت ہی اہم ہے جس میں زیادہ تر بچیاں دشواری محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک دو بیچ نکلے ہیں جن میں کل 18 بچیوں نے نیٹ کوالی فائی کیا ہے اور مختلف معیاری میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم ہیں۔موصوف نے یہ بھی وضاحت کی کہ بعض بچیاں جو مالی دشواری کے سبب کوچنگ کی فیس ادا نہ کرسکیں تو انہیں معاونت فراہم کی گئی جس کے تحت ایک مؤذن صاحب کی دختر نے کوچنگ کر کے نیٹ کوالی فائی کیا اور ابھی وہ زیر تعلیم ہے۔
ڈاکٹر شمع ربانی نے کہا کہ رفاہی کاز کے تحت ترکی میں آئے شدید زلزلے کے پیش نظر ایسوسی ایشن نے بہار رابطہ کمیٹی اور فورم فار لٹریسی ایورنس اینڈ مسلم ایجوکیشن(فلیم) کے تعاون سے اشیائے راحت رسانی کے تحت گرم کپڑے، کمبل، مِلک پائوڈر اور دواٹیں ترکی بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Noor E Iman Conference in Gaya 'دینی و عصری تعلیم وقت کی اہم ترین ضرورت'
مہمان خصوصی کے طور پر جسٹس خاتم علی، پٹنہ ہائی کورٹ، ڈاکٹر شہجا نند پرساد سنگھ سابق قومی صدرآئی ایم اے، مہمان اعزازی محترمہ فرحسن ‘ڈائرکٹر انٹر نیشنل اسکول، پٹنہ،ڈاکٹر مجیدعالم سرپرست ایسوسی ایشن ہٰذا شریک ہوئے۔واضح رہے کہ اجلاس میں ’’وومن امپبور منٹ‘‘ کے عنوان سے ایک سے می نار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر شازیہ بدر، ڈاکٹر سجاد احسن، ڈاکٹر شمس الہدی‘خازن، ڈاکٹر اعجاز احمد مختار،ڈاکٹر مسرت شاہیں اورڈاکٹر زرین رحمٰن ‘سانئنٹیفک چیر پرسن نے مختلف عنوانات کے تحت اظہار خیال کیا۔