ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی شہر و دیہی علاقوں میں سیلاب زدگان کے لیے کھانے پینے کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ فاربس گنج میں راحت کیمپ چل رہا ہے اس کے علاوہ جوکی ہاٹ، پلاسی،مدن پور،نرپت گنج، رانی گنج، سکٹی، کرسا کانٹا وغیرہ میں ضلع انتظامیہ پوری مستعد ہوکر راحت کیمپ میں لگے ہوئے ہیں۔
شہر میں بھی مختلف جگہوں پر ضلع انتظامیہ نے راحت کیمپ لگائی ہے جس میں آزاد اکیڈمی، مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ،یادو کالج کا نام شامل ہے۔ ان جگہوں پر سیلاب زدگان کی بھاری بھیڑ ہے جو شہر کے مختلف وارڈوں میں سیلاب کا پانی داخل ہونے کے سبب پناہ لئے ہوئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے ان میں سے ایک آزاد اکیڈمی راحت کیمپ کا جائزہ لیا اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر پناہ گزیں سے تبادلہ خیال کیا۔
بتا دیں اس کیمپ میں چار ہزار پناہ گزیں موجود ہیں، جن کے کھانے کے لئے دو وقت کا نظم کیا گیا ہے۔ مطبخ خانہ میں چار ہزار لوگوں کے کھانے کے لیے دس کیونٹل چاول، پچاس کیلو دال اور پانچ بوری آلو خرچ ہو رہا ہے۔ کیمپ میں موجود بچوں کے لیے دودھ اور بسکٹ کا نظم ہے۔ علاوہ ازیں مویشیوں کے لیے الگ سے پنڈال لگائے گئے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے موجود لوگوں نے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نظم و نسق پر خوشی ظاہر کی ہے.