ریاست بہار کے ضلع ارریہ میں 45 سال اور اس سے زائد عمر والوں کو ویکسین کا ٹیکہ لینا ہر حال میں ضروری ہے اور سرکاری گائیڈ لائن کے مطابق اس پر پوری طرح سے عمل ہو اس کے لئے ضلع انتظامیہ و ضلع محکمہ صحت پوری طرح مستعد ہے۔ اسی ضمن میں آج ضلع کلکٹر پرشانت کمار نے ضلع کلکٹریٹ احاطہ سے آٹھ ٹیکہ ایکسپریس رتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو پورے ارریہ ضلع کے مختلف بلاک و پنچایت میں گھوم گھوم کر لوگوں کو ویکسین لینے کے لئے بیدار کر رہی ہے، ساتھ ہی ٹیکہ لینے کے فوائد سے بھی آگاہ کر رہی ہے۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ ارریہ میں کورونا ویکسین لینے والوں کی شرح کم ہے جس پر خاص طور سے محنت کرنے کی ضرورت ہے، کورونا وبا سے نجات پانے کا یہ واحد طریقہ ہے کہ ہر شخص کورونا ویکسین لیکر خود کو محفوظ کرے۔ یہ بات صحیح ہے کہ اب بھی دیہی علاقوں میں ویکسین سے لوگ خوفزدہ ہیں لیکن یہ صحیح بات نہیں ہے۔ لوگوں کے دلوں سے یہ ڈر نکالنے کی ضرورت ہے تبھی ہم کورونا کو شکست دے سکیں گے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے آج یہاں سے آٹھ ٹیکہ ایکسپریس رتھ کو روانہ کیا گیا ہے، جو پورے ضلع میں گھومے گا اور لوگوں کو ویکسین لینے کے لیے بیدار کرے گا۔
اس موقع پر سول سرجن ڈاکٹر ایم پی گپتا ، ایس ڈی او شلیش چندر دیواکر ، ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف وغیرہ بھی موجود تھے.