ریاست بہار کے ضلع ارریہ کے تمام بلاک جس میں ارریہ بلاک، فاربس گنج، سکٹی، رانی گنج ، جوکی ہاٹ، کرسا کانٹا ، پلاسی، بھرگامہ، نرپت گنج میں کھیل کود کے مقابلے منعقد کرائے گئے۔
ان تمام بلاک سے منتخب کیے گئے کھلاڑی اب ضلعی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے اور ضلعی سطح میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ریاستی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
دو روزہ کھیل کود مقابلے کے اس پروگرام میں بلاک کے سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء جن کی عمر 14 برس سے 19 برس ہے شریک ہوئے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
آج ضلع میں موسم صاف نہیں ہونے کی وجہ سے کھیل کے مقامات تبدیل کرنے پڑے لہذا بیدمنٹن کا کھیل انڈور اسٹیڈیم میں ہوا جبکہ والی بال اور ووشو کا مقابلہ ارریہ ہائی اسکول کے میدان میں منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر ضلع کھیل افسر شمبھو کمار نے تمام بلاک کا دورہ کیا اور کھیل کا جائزہ لیا۔ْ
اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ کھیل ابھی صرف بلاک سطح پر منعقد کیا جا رہا ہے اور جو بچے منتخب ہو رہے ہیں وہ آئندہ 16 ستمبر کو سبھاش اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کھیل میں حصہ لیں گے اور یہاں سے جن کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا وہ ضلع ٹیم کی شکل میں ارریہ کی قیادت کریں گے۔
کھیل کے نگراں اشرف حیات نے کہا کہ آج کے تمام مقابلوں میں بالخصوص والی بال، بیدمنٹن اور ووشو کھیلا گیا اس کے علاوہ ایتھلیٹکس، کبڈی، کرکٹ اور فٹ بال سے بھی کئی کھلاڑی منتخب ہوئے ہیں۔
وہیں اس موقع پر کئی کھلاڑیوں نے اس طرح کے مقابلہ جاتی کھیل کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کھیل سے ہم لوگوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا پورا موقع مل رہا ہے اور یہ آگے بھی جاری رہے۔